Time 13 ستمبر ، 2023
پاکستان

صدر مملکت نے انتخابات کیلئے 6 نومبر کی تاریخ تجویز نہیں کی، ذرائع

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

صدر عارف علوی نے ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے چيف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو  خط لکھتے ہوئے تجویز دی ہے کہ عام انتخابات پیر 6 نومبر 2023  تک ہونے چاہئیں۔

صدر عارف علوی نے بدھ کو چيف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے نام خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ میں نے9 اگست کووزیراعظم کےمشورے پرقومی اسمبلی کوتحلیل کیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ صدر کا اختیار ہے عام انتخابات کیلئے 90 دن کے اندر کی تاریخ مقررکرے، آئینی ذمہ داری پوری کرنے کی خاطر چیف الیکشن کمشنر کو ملاقات کیلئے مدعو کیا گیا تاکہ آئین اور اس کے حکم کو لاگو کرنے کا طریقہ وضع کیا جا سکے۔

صدر کے خط کے متن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے جواب میں برعکس مؤقف اختیارکیاکہ یہ الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، وفاق کو مضبوط بنانے کیلئے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات ایک ہی دن کرائے جانے پر اتفاق ہے

صدر مملکت نے خط میں مزید کہا ہے کہ اگست میں مردم شماری کی اشاعت کے بعد حلقہ بندیوں کا عمل بھی جاری ہے، آئین کے آرٹیکل 51(5) اور الیکشن ایکٹ کے سیکشن 17 کے تحت یہ لازمی شرط ہے، وفاقی وزارت قانون وانصاف بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان جیسی رائےکی حامل ہے۔

ان کا خط میں کہنا تھاکہ چاروں صوبائی حکومتوں کا خیال ہے انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ ہے، آئین کےآرٹیکل 48(5) کے تحت صدر کا اختیار ہے اسمبلی تحلیل کی تاریخ سے 90 دن کے اندر کی تاریخ مقرر کرے لہٰذا عام انتخابات قومی اسمبلی تحلیل کی تاریخ کے نواسی ویں دن یعنی پیر 6 نومبر تک ہونے چاہئیں۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نے انتخابات کے لیے 6 نومبر کی تاریخ تجویز نہیں کی،صدر نے 6 نومبر کی تاریخ آرٹیکل 48(5)کی تشریح کے تناظر میں کہی ہے۔

ذرائع کے مطابق آرٹیکل 48(5) کی تشریح کے بعد صدر مملکت نے کہا کہ الیکشن کمیشن اتفاق نہیں کرتا، وزارت قانون بھی اس بات سے اتفاق نہیں کرتی، صدر مملکت نے یہ بھی کہا صوبے بھی اس بات سے اتفاق نہیں کرتے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرمملکت نے الیکشن کمیشن کو صوبائی حکومتوں سے مشاورت کرنے اور الیکشن کمیشن کو سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرنے کو کہا جبکہ عارف علوی نے الیکشن کمیشن کو عدالت سے رابطہ کر کے تاریخ کا اعلان کرنے کیلئے راہنمائی لینے کا  بھی کہا ہے۔

مزید خبریں :