Time 14 ستمبر ، 2023
کھیل

پاک سری لنکا اہم میچ: بارش کے باعث میچ 45 اوورز فی اننگز تک محدود

بارش کی وجہ سے اب تک ٹاس نہیں ہوسکا اور میچ بھی تاخیر کا شکار ہے__فوٹو: پی سی بی
بارش کی وجہ سے اب تک ٹاس نہیں ہوسکا اور میچ بھی تاخیر کا شکار ہے__فوٹو: پی سی بی

ایشیا کپ میں پاکستان اور  سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والا اہم میچ بارش کی وجہ سے 45 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا۔

پاکستانی وقت کے مطابق 2 بجے ٹاس ہونا تھا لیکن مسلسل بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہے۔

تاہم  اب پاکستان اور سری لنکا کےدرمیان میچ کا ٹاس ساڑھے چار بجے ہو گا اور میچ پونے 5 بجے شروع ہوگا۔

کولمبو میں بارش کی وجہ سے میچ وقت پر شروع نہ ہونے کے باعث  پاکستانی وقت کے مطابق 4 بجے کے بعد میچ کے اوورز کم ہونا شروع ہوگئے تھے، اس لیے میچ کو اب  45 ، 45 اوورز فی اننگز تک کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ایشیا کپ کے سپر 4 کے اہم میچ کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان گزشتہ شب کیا تھا، پاکستان ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

 محمد حارث، سعود شکیل، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر اور زمان خان کو کل سری لنکا کے خلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

فخر زمان، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، نسیم شاہ اور حارث رؤف سری لنکا کے خلاف میچ میں آرام کریں گے۔

سری لنکا کے خلاف میچ کے لیے ٹیم میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، شاہین آفریدی، امام الحق، محمد رضوان،افتخار احمد، محمد حارث، سعود شکیل، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر اور زمان خان شامل ہیں۔

واضح رہے کہ  اگر اس میچ کے دوران مسلسل بارش کا سلسلہ جاری رہا اور میچ نہ ہوسکا تو پاکستان اور سری لنکا کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا، اس طرح دونوں کے تین تین پوائنٹس ہوجائیں گے لیکن بہتر رن ریٹ کی وجہ سے سری لنکا فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائے گا۔

مزید خبریں :