Time 15 ستمبر ، 2023
کھیل

گرین شرٹس کا سفر ختم: پاکستان کو شکست دیکر سری لنکا ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔--فوٹو: پی سی بی
 پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔--فوٹو: پی سی بی 

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، شکست کے بعد گرین شرٹس کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوگیا۔

سری لنکا نے پاکستان کا 252 رنز کا ہدف میچ کی آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا،کوشل مینڈس 91 رنز بناکر نمایاں رہے۔سری لنکا کو جیت کے لیے آخری گیند پر 2 رنز درکار تھے۔

اس جیت کے ساتھ سری لنکا ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا جہاں اس کا مقابلہ اتوار کو بھارت سے ہوگا۔

کولمبو میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے بارش سے متاثرہ میچ میں مقررہ 42 اوورز میں7  وکٹوں پر 252 رنزبنائے، ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کےتحت ہدف بھی 252رنز مقرر ہوا۔

محمد رضوان 86 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، عبداللہ شفیق نے  52 اور افتخار احمد نے 47 رنز اسکور کیے۔

پاکستانی وقت کے مطابق 2 بجے ٹاس ہونا تھا لیکن کولمبو میں مسلسل بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوا، تاہم بارش رکنے کے بعدساڑھے 4 بجے ٹاس ہوا اور میچ کو  45 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا تھا۔

پاکستان نے 27.4 اوورز کے کھیل میں5 وکٹ پر 130 رنز بنالیے تھے جب میچ کو بارش کے باعث روکا گیا تاہم کچھ دیر کھیل رُکنے کے بعد دوبارہ شروع کیا گیا اور میچ کو 45 سے 42 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا۔

 یہ میچ سیمی فائنل کی صورت اختیار کرگیا تھا ،سری لنکا اور پاکستان میں سے آج جیتنے والی ٹیم کو ہی ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کا مقابلہ کرنا تھا۔

پاکستان کی اننگز

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

عبداللہ شفیق اور فخر زمان نے پاکستانی اننگز کا آغاز کیا تاہم فخر ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے اور 4 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان کپتان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 73 کے مجموعی اسکور پر 29 رنز بناکر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے جبکہ ایشیا کپ میں پہلا میچ کھیلنے والے عبداللہ شفیق نے ففٹی اسکور کی لیکن وہ بھی 53 رنز پر کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد بیٹنگ کرنے آئے محمد حارث صرف 3 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ بیٹنگ آرڈر میں ترقی پانے والے محمد نواز بھی 12 رنز اسکور کرکے بولڈ ہوگئے۔

130 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور افتخار احمد نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی---فوٹو: کرک انفو
130 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور افتخار احمد نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی---فوٹو: کرک انفو

130 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور افتخار احمد نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی، دونوں کے درمیان 108 رنز کی بہترین شراکت داری قائم ہوئی۔

تاہم پھر افتخار احمد 40 گیندوں پر 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ رضوان نے شاندار بیٹنگ کو جاری رکھا اور ٹیم کا اسکور مقررہ 42 اوورز میں 252 رنز تک پہنچایا۔

محمد رضوان 73 گیندوں پر 86 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، اس کےعلاوہ شاداب خان نے 3 اور شاہین آفریدی نے ایک رن بنایا۔

سری لنکا کی جانب سے ماتھیشا پتھیرانا 3 اور پرامود مددوشان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا کی اننگز

فوٹو: اے سی سی
فوٹو: اے سی سی 

پاکستان کے 252 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے شروع سے ہی محتاط انداز میں بیٹنگ کی، وکٹ گرنے کے باوجود سری لنکن بیٹرز اسکور بناتے رہے۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پہلی وکٹ 20 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، کوسل پریرا 17 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کو دوسرانقصان نیسنکا کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 29 رنز بناکر پویلین لوٹے،تاہم 2 وکٹیں گرنے کے بعد کوشل مینڈس اور سمرا وکرما نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور دونوں کے درمیان 100 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، لیکن پھر سمرا وکرما 48 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ایسے میں کوشل مینڈس نے اچھے اسٹروکس کھیلے لیکن وہ بھی 87 گیندوں پر91 رنز بناکر ا فتخار احمد کی گیند کیچ دے بیٹھے۔اس کے بعد پاکستان ٹیم میچ میں واپس آئی اور سری لنکا کی وکٹیں گرائیں۔

تاہم میچ کی صورتحال یہ بنی کہ سری لنکا کو 6 گیندوں پر 8 رنز درکار تھے۔

پاکستان کی جانب سے زمان خان نے آخری اوور کروایا، ان کی آخری گیند پر سری لنکا کو 2 رنز  درکار تھے جو سری لنکن بیٹر اسالنکا نے اسکور کیے اور اپنی ٹیم کو میچ جتوا کر فائنل میں پہنچا دیا۔ وہ 47 گیندوں پر 49 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

گرین شرٹس کی جانب سے افتخار احمد نے 3، شاہین آفریدی نے 2 اور شاداب خان نے ایک وکٹ لی۔ 

پاکستان کے خلاف 2 وکٹوں سے کامیابی کے بعد سری لنکا ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچا اور اب  اتوار کو بھارت اور سری لنکا کا فائنل کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ 

خیال رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ایشیا کپ کے سپر 4 کے اہم میچ کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان گزشتہ شب کیا تھاجس میں  5 تبدیلیاں سامنے آئی تھیں۔

محمد حارث، سعود شکیل، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر اور زمان خان کو سری لنکا کے خلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جبکہ فخر زمان، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، نسیم شاہ اور حارث رؤف ٹیم میں شامل نہیں تھے۔

تاہم ٹاس کے موقع پرکپتان بابر اعظم نے کہا کہ سعود شکیل اور امام الحق پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ان کی جگہ فخرزمان اور عبداللہ شفیق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

سعود شکیل بخار اور امام الحق نے کمر میں تکلیف کی وجہ سےآج کا میچ نہیں کھیلا۔

سری لنکا کے خلاف میچ کے لیے ٹیم میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، شاہین آفریدی، عبداللہ شفیق، محمد رضوان،افتخار احمد، محمد حارث، فخر زمان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر اور زمان خان شامل تھے۔

مزید خبریں :