Time 15 ستمبر ، 2023
پاکستان

مبینہ کرپشن کیس: احتساب عدالت کا ڈاکٹر عاصم کیخلاف ریفرنس واپس نیب کو بھیجنے کا حکم

عدالتی حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے ریفرنس واپس بھیجا جارہا ہے: احتساب عدالت— فوٹو: فائل
عدالتی حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے ریفرنس واپس بھیجا جارہا ہے: احتساب عدالت— فوٹو: فائل

کراچی کی احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم کے خلاف 17 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کا ریفرنس چیئرمین نیب کو بھیجنے کا حکم دے دیا۔

احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین و دیگر کے خلاف 17 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کا 7 سال تک زیر سماعت رہنے والے ریفرنس کی سماعت کے دوران تمام ریکارڈ چیئرمین نیب کو بھیجنے کا حکم دے دیا۔

مبینہ کرپشن ریفرنس کی سماعت کے دوران عدالت نے ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف ریفرنس اور اس کا تمام ریکارڈ ڈی جی نیب کراچی کے ذریعے چیئرمین نیب کو بھیجنے کا حکم دیا۔

عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ سندھ ہائی کورٹ نے 4 ستمبر کو ریفرنس واپس نیب کو ارسال کرنے کا فیصلہ دیا تھا اور عدالتی حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے ریفرنس واپس بھیجا جارہا ہے۔

نیب کے مطابق ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف گیس کے ٹھیکوں کی مد میں 17 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے، نیب قوانین میں ترمیم کے بعد ملزمان نے احتساب عدالت کے دائرہ اختیار کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم کی درخواست مسترد کردی ملزمان کے خلاف ریفرنس 7 سال تک زیر سماعت رہا ہے۔

مزید خبریں :