16 ستمبر ، 2023
اسلام آباد: پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کےقائد نواز شریف کو وطن واپسی پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا اور انہیں جیل جانا ہوگا۔
پیپلزپارٹی جو گزشتہ ماہ تک مسلم لیگ (ن) کی حکومتی حلیف رہی تھی واضح کررہا ہے کہ آئندہ ماہ جب نواز شریف واپس آئیں گے تو پیپلزپارٹی ان کا استقبال کرنے کے لئےمو جود نہیں ہوگی۔
قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر اور پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی خوش آئند ہے اور وہ اس کے لیے مسلم لیگ (ن) کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھیں گے تو ہم ان کا خیرمقدم کرنے کے لیے موجود نہیں ہونگے کیونکہ وہ ہمارے رہنما نہیں ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کےساتھ اتحاد مختصر عرصے کے لیے تھا کیونکہ ہم شہبازشریف حکومت کا حصہ تھے، حکومت کے اختتام کے ساتھ ہی یہ اتحاد بھی اختتام پذیر ہوگیا۔
فیصل کریم کنڈی نے یاد دلایا کہ پیپلزپارٹی، پی ڈی ایم کا حصہ نہیں تھی۔
نوٹ: یہ خبر 16 ستمبر 2023 کے روزنامہ جنگ میں شائع ہوئی