Time 16 ستمبر ، 2023
کھیل

'ہم بھارتی نہیں'، زمان کا منکڈ نہ کرنے پر بھوگلے کی ٹوئٹ، پاکستانی صارفین نے آڑے ہاتھوں لے لیا

جب زمان خان نے میچ کی آخری گیند کروائی تو نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود سری لنکن بیٹر متھیشا پتھیرانا زمان کے گیند کروانے سے پہلے ہی کریز سے باہر آگئے__فوٹو: ای ایس پی این
جب زمان خان نے میچ کی آخری گیند کروائی تو نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود سری لنکن بیٹر متھیشا پتھیرانا زمان کے گیند کروانے سے پہلے ہی کریز سے باہر آگئے__فوٹو: ای ایس پی این

ایشیا کپ ون ڈے میں سری لنکا سے شکست کے بعد پاکستان کا ایونٹ میں سفر ختم ہوگیا لیکن پاکستانی شائقین کے ذہنوں سے پاک سری لنکا میچ کی جھلکیاں نکل نہیں سکیں۔

دو دن سے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جہاں اس میچ کا تذکرہ چل رہا ہے وہیں ون ڈے میں ڈیبیو کرنے والے نوجوان بولر زمان خان ایکس پر ٹرینڈ کررہے ہیں، صارفین مسلسل زمان کی ہمت باندھ رہے ہیں اور سری لنکا کے خلاف آخری اوور میں شاندر بولنگ کرنے پر داد دے رہے ہیں۔

اسی سلسلے میں بھارت کمٹیٹر ہرشا بھوگلے کی ٹوئٹ نے پاکستانی صارفین کو غصہ دلا دیا۔

ہوا کچھ یوں کہ جب زمان خان نے میچ کی آخری گیند کروائی تو نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود سری لنکن بیٹر متھیشا پتھیرانا زمان کے گیند کروانے سے پہلے ہی کریز سے باہر آگئے۔

اگر وہاں زمان انہیں 'منکڈ' (رن آؤٹ) کر دیتے تو سری لنکا میچ ہار جاتا کیونکہ آخری بیٹر مہیش ٹھیکشانا انجری کے باعث بیٹنگ کرنے نہیں آتے۔

میچ کے بعد اس حوالے سے ہرشا نے ٹوئٹ کی کہ ’کیا ایسا نہیں ہو سکتا تھا کہ زمان خان بولر کے اینڈ پر منکڈ کے بارے میں محتاط رہتے، پتھیرانا کریز سے باہر تھے‘۔

اس ٹوئٹ کے جواب میں سری لنکن صارف نبراز رمضان نے لکھا  ’یوں تو منکڈ قانون کے مطابق ہے لیکن زمان خان نے نان اسٹرائیکر اینڈ پر کھلاڑی کو منکڈ نہ کرنا بہتر سمجھا، ہار کو عزت پر فوقیت دی، نوجوان بولر نے شاندار کام کیا‘۔

ایک اور صارف نے کہا 'ایک چیز ہوتی ہے جسے اسپورٹس مین اسپرٹ کہا جاتا ہے، وہ افغانستان اور بھارتی کھلاڑیوں کے اندر موجود نہیں ہے'۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ 'ہم نے منکڈ پر ہار کو فوقیت دی'۔

احتشام الحق نے تبصرہ کیا ’میچ کو غیر اخلاقی طریقے  یعنی منکڈ کر کے آؤٹ کرنے سے جیتنے سے بہتر ہے کہ آپ عزت سے میچ ہار جائیں‘۔

ایک صارف نے لکھا 'ہم اس قسم کی چیٹنگ کرکے میچ جیتنے کے حق میں نہیں ہیں'۔

ولید فلک لکھتے ہیں 'پاکستان ہارگیا لیکن اسپورٹس مین شپ کو ایک بار بھی نہیں بھولا، کرکٹ قوانین سے زیادہ اہم ہمیشہ کرکٹ کا اسپرٹ ہوتا ہے'۔

پاکستان اور سری لنکا کے  بارش سے متاثرہ میچ میں سری لنکا کو پاکستان نے جیت کے لیے 42 اوورز میں 252 رنز کا ہدف دیا لیکن پاکستانی بولرز ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہے اور سری لنکا نے مطلوبہ ٹارگٹ 42 ویں اوور کی آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

مزید خبریں :