20 ستمبر ، 2023
ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ورلڈکپ سے چند روز قبل ہی سری لنکن ٹیم کے کپتان داشن شناکا ٹیم کی کپتانی چھوڑ دیں۔
سری لنکا کے آر پریما داسا اسٹیڈیم میں ہونے والے ایشیا کپ کے فائنل میں لنکن ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور انڈین پیس اٹیک کے سامنے بالکل بے بس دکھائی دی۔
کولمبو میں تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں پوری سری لنکن ٹیم 50 رنز پر ڈھیر ہو گئی، بھارت کی جانب سے محمد سراج نے 6 اور ہاردک پانڈیا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک وکٹ جسپریت بمراہ کے حصے میں آئی۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سری لنکن کپتان نے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم آنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم معذرت خواہ ہیں کہ ہم نے آپ لوگوں کو مایوس کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اگلے ماہ 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے ورلڈکپ سے قبل داشن شناکا کی جانب سے سری لنکن ٹیم کی کپتانی چھوڑنے جانے کا امکان ہے اور اس کا باقاعدہ اعلان سری لنکن کرکٹ بورڈ کرے گا۔
رپورٹس کے مطابق ورلڈکپ سے صرف چند روز قبل اس قسم کا فیصلہ سری لنکن ٹیم کے لیے بڑا سیٹ بیک ہو سکتا ہے کیونکہ شناکا کا شمار سری لنکا کے بہترین آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے اور انہوں نے لنکن ٹیم کو ایک مضبوط یونٹ بنانے میں اہم کردار ادا کیا، یہی وجہ ہے کہ ہر کوئی اس فیصلے کو اس وقت درست قرار نہیں دے رہا۔