21 ستمبر ، 2023
ملک میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے ریجن سے مزید 128 بجلی چوروں کو پکڑ لیا۔
فیسکو کی جانب سے بجلی چوری کی اطلاع دینے پر شہریوں کیلئے انعام کا بھی اعلان کردیا گیا ہے، بجلی چوری کی اطلاع دینے والے کو ریکوری کی دس فیصد رقم بطور انعام ملے گی۔
چیئرمین فیسکو کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کی اطلاع دینے والے شہریوں کو انعام دینے سے بجلی چوری کے خلاف مہم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔
ترجمان کے مطابق فیسکو کے مطابق اطلاع دینے والے کا نام بھی خفیہ رکھا جائے گا اور ریکوری کرانے والی فسیکو ٹیم بھی انعام کی حق دار ہوگی۔
ترجمان کے مطابق فیسکوریجن میں اب تک 135بجلی چوروں کو گرفتار کرکے 3 کروڑ 83 ہزار سے زائد کی ریکوری کی گئی ہے۔
گوجرانوالہ ریجن سے بھی 57 بجلی چور پکڑے گئے جبکہ بجلی چوری کرنے والوں پر 16 لاکھ 71 ہزار روپے جرمانہ کرتے ہوئے مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی (میپکو) کی جانب سے کارروائیوں کے دوران ملتان ریجن سے بجلی کے 161 غیر قانونی کنکشن پکڑے گئے۔
ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں مزید 126 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج اور 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کی جانب سے جاری کارروائیوں کے دوران ریجن میں اب تک بجلی چوروں سے 12 کروڑ روپے وصول کیے گئے ہیں جبکہ 46مقدمات درج اور 4 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
حیسکو سپرنٹنڈنٹ انجنیئر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دو ایس ڈی اوز اور 2 لائن مینوں کو بھی معطل کردیا گیا۔