ایک کتا 3 مگرمچھوں کے سامنے گرگیا، پھر جو ہوا اس نے سائنسدانوں کو دنگ کر دیا

یہ واقعہ بھارت میں پیش آیا تھا / فوٹو بشکریہ Utkarsha Chavan
یہ واقعہ بھارت میں پیش آیا تھا / فوٹو بشکریہ Utkarsha Chavan

اگر کوئی جاندار کسی دریا میں مگرمچھوں کے قریب گر جائے تو اس کا بچنا بہت مشکل ہوتا ہے۔

مگر بھارت میں ایک ایسا انوکھا واقعہ ہوا جس نے سائنسدانوں کے ذہنوں کو گھما کر رکھ دیا۔

جرنل Threatened Taxa میں شائع ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ مگر مچھوں نے ان کے قریب گرنے والے ایک کتے کو کھانے کی بجائے اسے تحفظ فراہم کیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ دریائے ساوتری میں اکثر آوارہ کتے پانی کے بہت زیادہ قریب آ جاتے ہیں جہاں انڈس مگر مچھ رہتے ہیں۔

ایسے ہی ایک واقعے میں ایک کتے کا تعاقب دیگر کتوں نے کیا اور خود کو بچانے کے لیے وہ دریا میں کود گیا، جہاں 3 بالغ مگرمچھ تیر رہے تھے۔

محققین کے مطابق مگر مچھوں نے کتے کو دیکھا اور اس کے قریب آگئے مگر اس پر حملہ نہیں کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کتے کے سامنے مگر مچھوں کا رویہ 'اطاعت پسندانہ' تھا اور وہ اسے دریا کے اس کنارے سے دور لے گئے جہاں آوارہ کتے اپنے ساتھی پر حملہ کرنے کے لیے منتظر تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مگر مچھوں نے منہ سے کتوں کو چھوا اور محفوظ کنارے کی جانب اپنی حفاظت میں لے گئے۔

اس واقعے نے سائنسدانوں کو دنگ کر دیا کیونکہ انہیں یہ سمجھ نہیں آیا کہ آخر مگر مچھوں نے کتے کو کھایا کیوں نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ابھی ہمارے پاس کوئی ٹھوس جواب نہیں تاہم انڈس مگر مچھوں کا ذہن دیگر نسلوں کے مقابلے میں زیادہ تیز ہوتا ہے اور کتے سے متعلق ان کا رویہ ممکنہ طور پر جذباتی ہمدردی کی نشانی تھی۔

مزید خبریں :