22 ستمبر ، 2023
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہےکہ ہمارے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہیں کہ بھارت کے ایجنٹ کینیڈا کی سرزمین پر ایک کینیڈین کے قتل میں ملوث ہیں۔
نیویارک میں میڈیا سےگفتگو میں جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ کا قتل ایک سنگین معاملہ ہے، سکھ رہنما کے قتل کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے اور ہم یہی کر رہے ہیں۔
جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ انصاف کی کارروائی کو آگے بڑھایا جائےگا،کینیڈا بھارت کو اشتعال نہیں دلا رہا نہ مسائل پیدا کر رہا ہے، یہ معاملہ قانون کی حکمرانی کا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا بھارت سے مطالبہ ہے کہ وہ ہمارے ساتھ مل کر معاملے کی سچائی کو بے نقاب کرنے اور انصاف اور جواب دہی کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے۔