Time 22 ستمبر ، 2023
کھیل

نسیم ورلڈکپ سے باہر ہونے پر افسردہ، سوشل میڈیا پر بیان جاری کر دیا

نسیم شاہ کی جگہ حسن علی کو ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ فوٹو فائل
نسیم شاہ کی جگہ حسن علی کو ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ فوٹو فائل

قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے انجری کے باعث آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے ٹیم میں شامل نہ ہونے پر افسردگی کا اظہار کیا ہے۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نسیم شاہ کا ورلڈکپ سے باہر ہونا ہمارے لیے بڑا دھچکا ہے لیکن یہ گیم کا حصہ ہے۔

انضمام الحق کا کہنا تھا نسیم شاہ کی جگہ حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، حسن علی ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور ان کی ماضی میں پاکستان کے لیے اچھی پرفارمنسز بھی رہی ہیں۔

یاد رہے کہ نسیم شاہ ایشیا کپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہو کر ناصرف ٹورنامنٹ بلکہ ورلڈکپ سے بھی باہر ہو گئے تھے اور طبی ماہرین کے مطابق نسیم شاہ کو دوبارہ گراؤنڈ میں واپسی کے لیے چار سے پانچ ماہ درکار ہوں گے۔

قومی ٹیم کے اعلان کے بعد اب نسیم شاہ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ بوجھل دل کے ساتھ شیئر کر رہا ہوں کہ میں ورلڈ کپ میں نہیں ہوں گا، میں مایوس ہوں لیکن میرا یقین ہے کہ یہ سب اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

نسیم شاہ نے مزید لکھا کہ ان شاء اللہ بہت جلد دوبارہ میدان میں ہوں گا، تمام فینز کا شکریہ جنہوں نے مجھے دعاؤں میں یاد رکھا۔

مزید خبریں :