22 ستمبر ، 2023
اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے نجی چینل کے گرفتار صحافی خالد جمیل کو 2 روز کے جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے حوالے کردیا۔
صحافی خالد جمیل کو اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ شبیربھٹی کی عدالت میں پیش کیاگیا۔ ایف آئی اے نے الیکٹرونک ڈیوائسز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے حوالے سے تفتیش کے لیے خالدجمیل کے 10 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
خالد جمیل کے وکلا جہانگیر جدون اور نوید ملک نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور کیس سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی۔
وکلاء صفائی کا مؤقف تھا کہ پاکستان میں آزادی اظہارِ رائے کا حق ہر شہری کو حاصل ہے، ایف آئی اے نے اپنے ہی بنائے ہوئے قانون اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی بھی خلاف ورزی کی، جسمانی ریمانڈ تو بنتا ہی نہیں۔
بعد ازاں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ نے خالدجمیل کو 2 روز کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا اور انہیں اتوار کو پیش کرنے کا حکم دیا۔
دوسری جانب ملک کی مختلف صحافتی تنظیموں نے صحافی خالد جمیل کی گرفتاری کی مذمت کی اور احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔