23 ستمبر ، 2023
بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے پاکستانی کرکٹ اسکواڈ کے ویزوں کا معاملہ تاخیر کا شکار ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے تاحال پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ویزوں کے لیے این او سی جاری نہیں ہوا۔
این او سی نہ ملنےکی وجہ سے پاکستانی اسکواڈ کے ویزے تاخیرکا شکار ہیں، 25 رکنی اسکواڈ کےکاغذات دو ہفتے قبل بھجوائےگئے تھے، تاہم اسلام آباد میں ہائی کمیشن کو ویزہ جاری کرنےکے لیے این او سی درکار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ قومی کرکٹرز کے پاسپورٹ ایشیا کپ سے وطن واپسی پر جمع کروائے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان واحد ٹیم ہے جس کو تاحال بھارتی ویزے جاری نہیں ہوئے، پی سی بی نے اس سلسلے میں آئی سی سی سے بھی رابطہ کیا تھا جس پر جواب ملا کہ ویزوں پرکام جاری ہے جلد ایشو ہوں گے، پی سی بی کو یہ ایک ہی جواب مسلسل رابطوں پر مل رہا ہے۔
قومی اسکواڈ نے ابتدائی پلان کے مطابق دبئی میں قیام کے بعد بھارت جانا تھا، ویزوں میں تاخیرکے باعث اب اسکواڈ 26 ستمبرکو براستہ دبئی بھارت پہنچےگا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پی سی بی پیر تک ویزوں کے جاری ہونےکے لیے پر امید ہے۔