Time 24 ستمبر ، 2023
جرائم

کرنسی اسمگلنگ کیخلاف کارروائیاں جاری، کراچی اور حیدرآباد سے 11 ملزمان گرفتار

کارروائیاں کرنسی کی غیر قانونی ایکس چینج میں ملوث عناصر کے خلاف کی گئیں: ترجمان/ فائل فوٹو
کارروائیاں کرنسی کی غیر قانونی ایکس چینج میں ملوث عناصر کے خلاف کی گئیں: ترجمان/ فائل فوٹو

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کراچی اور حیدرآباد میں کارروائیاں کرتے ہوئے کرنسی اسمگلنگ میں ملوث 11 ملزمان کو گرفتارکر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی ہدایت پر کرنسی اسمگلرز اور ہنڈی حوالہ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اسی سلسلے میں گزشتہ ہفتے کے دوران کراچی اور حیدرآباد زونز نے کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 7 چھاپہ مار کارروائیاں کیں جن کے نتیجے میں 11 ملزمان کو گرفتار کر کے 6 مقدمات درج کیے گئے۔

ایف آئی اے ترجمان کا بتانا ہے کہ گرفتار  ملزمان کے قبضے سے 6 ہزار 400 امریکی ڈالر اور  ایک کروڑ 67 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی دیگر غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان مختلف کاروبار کی آڑ میں کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث تھے، ایف آئی اے نے ہنڈی حوالہ اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج ڈیلروں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جا چکا ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھی معاونت حاصل کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :