Time 25 ستمبر ، 2023
دنیا

ہوائی جہاز میں دوران سفر ’سوتی‘ ہوئی مسافر خاتون مُردہ نکلیں

ائیرلائن نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم ان دکھ کے لمحات میں مسافر خاتون کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں__فوٹو: فائل
ائیرلائن نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم ان دکھ کے لمحات میں مسافر خاتون کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں__فوٹو: فائل

  لندن کی ائیرلائن برٹش ائیرویز میں دورانِ پرواز سورہی خاتون حقیقت میں مردہ نکلیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 73 سالہ خاتون جن کے بارے میں ساتھ بیٹھے مسافر اور  عملے کا خیال تھا کہ وہ سیٹ پر پرسکون انداز میں بیٹھی سو رہی ہیں، سفر کے اختتام پر علم ہوا کہ وہ چل بسی تھیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ پرواز  لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ سے فرانس کے شہر نیس جارہی تھی جس میں خاتون سوار تھیں، ائیر ہوسٹس جب آئی تو وہ یہ ہی سمجھی کہ خاتون آرام فرما رہی ہیں، جہاز نے لینڈنگ کی تو مسافر اٹھے لیکن خاتون ٹس سے مس نہ ہوئیں جس پر ساتھی مسافر کو شک ہوا۔

جب کچھ مسافروں نے خاتون کو جگانے کی کوشش کی تو وہ بے جان تھیں، ہوائی جہاز کے  عملے کو مطلع کیا گیا تو ڈاکٹرز کو فوراً بلایا، طبی عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر خاتون کی موت کی تصدیق کی جب کہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب خاتون کو مردہ قرار دے دیا گیا۔

 پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ انہیں دوران سفر دل کا دورہ پڑا جس کے سبب ان کی موت ہوئی۔

بعدازاں  ائیرلائن  نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم ان دکھ کے لمحات میں مسافر خاتون کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ خاتون کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔

مزید خبریں :