دنیا
Time 25 ستمبر ، 2023

نائجر میں فوجی بغاوت: فرانس نے اپنا سفیر اور فوج واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا

نائجر میں موجود ہمارا سفیر اور متعدد سفارتی عملہ جلد ہی نائجر چھوڑ دے گا: فرانسیسی صدر میکرون/ فائل فوٹو اے پی
نائجر میں موجود ہمارا سفیر اور متعدد سفارتی عملہ جلد ہی نائجر چھوڑ دے گا: فرانسیسی صدر میکرون/ فائل فوٹو اے پی

فرانس نے نائجر میں فوجی بغاوت کے بعد اپنے سفیر اور فوجی دستوں کو واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک ٹی وی انٹرویو میں فرانسیسی صدر میکرون نے کہا کہ فرانس نے نائجر میں صدر محمد بازوم کی حکومت کے خلاف جولائی میں ہونے والی فوجی بغاوت کے بعد وہاں سے اپنے سفارتکاروں کو واپس بلانے اور فوجی دستوں کی دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔

میکرون نے کہا کہ نائجر میں موجود ہمارا سفیر اور متعدد سفارتی عملہ جلد ہی نائجر چھوڑ دے گا۔

فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ نائجر کے ساتھ فوجی تعاون بھی اب ختم ہوچکا ہے، نائجر میں ہمارے 1500 فوجی دستے ہیں جو چند ماہ یا ہفتوں میں واپس آئیں گے اور سال کے آخر تک یہ عمل مکمل کرلیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کو نائجر میں فوجی بغاوت کے بعد دباؤ کا سامنا ہے، حالیہ ہفتوں میں ہزاروں افراد نے دارالحکومت نیامے میں فرانسیسی فوج کے بیس کیمپ کے باہر شدید احتجاج کیا تھا۔

اس کے علاوہ نائجر کے فوجی سربراہ نے نائجر حکومت کو تسلیم نہ کرنے پر میکرون سے ملک سے افواج نکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔

نائجر کے فوجی سربراہ نے میکرون کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم نائجر کی خودمختاری کے ایک نئے دور پر خوش ہیں، یہ ایک تاریخی لمحہ ہے۔

واضح رہے کہ نائجر میں چند ماہ قبل فوج نے منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کیا تھا اور صدر کو نظر بند کردیا تھا۔

مزید خبریں :