26 ستمبر ، 2023
فرانس نے آئندہ سال ہونے والے پیرس اولمپکس میں اپنی ایتھلیٹس کو حجاب پہننے سے روک دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس بات کا اعلان فرانسیسی وزیرکھیل نے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیرس اولمپکس کے مقابلوں میں شریک فرانس کی کسی ایتھلیٹ کو حجاب پہننےکی اجازت نہیں دی جائے گی۔
فرانسیسی وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ کوئی فرانسیسی کھلاڑی ہیڈ اسکارف نہیں پہنےگی۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ فیصلہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران فرانسیسی حکومت کی جانب سے کیے گئے فیصلوں میں سے ایک ہے جن میں مخصوص مقامات پر حجاب پر پابندی لگائی گئی تھی۔
فرانسیسی حکومت کے حالیہ اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر بحث جاری ہے اور صارفین اسے اسلاموفوبیا کہتے ہوئے فرانسیسی حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔
ناقدین کا کہنا ہےکہ یہ فیصلہ ملک میں مسلمان خواتین کے لیے مشکلات میں اضافے کا باعث بنے گا اور ان کے کھیلوں کے شعبے میں آگے بڑھنے میں رکاوٹ ڈالےگا۔
اقوام متحدہ کی جانب سے بھی فرانسیسی حکومت کے اس فیصلے پر شدید تنقیدکی گئی ہے۔
اقوام متحدہ کی ترجمان برائے انسانی حقوق نےکہا ہےکہ کسی کو خواتین پر اپنا فیصلہ مسلط نہیں کرنا چاہیے کہ وہ کیا پہنیں اور کیا نہیں پہنیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ خواتین کے خلاف امتیازی سلوک کی تمام اقسام کے خاتمے سے متعلق بین الاقوامی کنونشن اس امتیازی سلوک کو مسترد کرتا ہے،کسی گروپ کے خلاف امتیازی سلوک کے نقصان دہ نتائج ہو سکتے ہیں۔
خیال رہےکہ 2024 میں ہونے والے پیرس اولمپکس کے مقابلے فرانسیسی دارالحکومت میں 26 جولائی سے 11 اگست تک جاری رہیں گے۔