27 ستمبر ، 2023
ان دنوں اداکار مرزا گوہر رشید جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل ’جنت سے آگے‘ میں جنت علی خان کے شوہر ’نعمان‘ کا کردار نبھا رہے ہیں جبکہ اداکارہ کبریٰ خان مارننگ شو ہوسٹ ’جنت علی خان‘ کا مرکزی کردار نبھا رہی ہیں ۔
حال ہی میں اداکار نے جیو ڈیجیٹل سے اپنے کردار کے بارے میں خصوصی گفتگو کی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ناظرین کو بالکل اندازہ نہیں ہے کہ ڈرامے میں آگے کیا ہونے جا رہا ہے۔
اداکار سے جب ان کے کردار کے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ہدایتکار حسیب حسن نعمان کے کردار کو نہ منفی بنانا چاہتے تھے اور نہ ہی بہت مثبت انسان دکھانا چاہتے تھے ، نعمان ایک ایسا انسان ہے جس سے ہم سب کی طرح غلطیاں بھی ہوتی ہیں اور وہ اپنی زندگی میں کہیں نہ کہیں جنت کی کمی کو محسوس کر کے کسی کاندھے یا سہارے کی تلاش میں ہے ۔
دوران انٹرویو گوہر سے پوچھا گیا کہ ایک اچھی بیوی ہونے کے باوجود نعمان کو کسی اور خاتون کے ساتھ تعلق میں دکھایا گیا ہے، آخر ایسا کیوں ہے؟
اداکار نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب تک جو کہانی چل رہی ہے اس میں نعمان ایک ایسا ہی شوہر نظر آرہا ہے جو شادی شدہ ہونے کے باوجود کسی اور خاتون میں دلچسپی رکھتا ہے لیکن میں اسے کسی بھی طرح ٹھیک نہیں سمجھتا، کسی بھی شادی شدہ مرد کو یہ حرکت زیب نہیں دیتی۔
گوہر نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر ایسے تعلقات کے خلاف ہیں، جو کچھ نعمان کر رہا ہے اس کے پیچھے بھی ایک کہانی ہے لیکن بہرحال اس قسم کے تعلقات رکھنا کسی طور بھی جائز نہیں ہے ۔
اپنے کردار ’نعمان‘ کی خوبیوں پر بات کرتے ہوئے اداکار نے یہ بھی کہا کہ ’نعمان کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ اپنی بیوی سے کھبی اونچی آواز میں بات نہیں کرتا‘۔
اداکار سے سوال کیا گیا کہ کبریٰ خان کی بطور اداکار انہیں کون سی خوبی متاثر کرتی ہے ؟
اس سوال کے جواب میں گوہر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کبریٰ خان ایک کمال اداکارہ ہیں اور یہ بات وہ انہیں بتا بتا کہ تھک گئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کبریٰ ان کی چند پسندیدہ اداکاروں کی فہرست میں سے ایک ہیں ۔ان کی خوبی یہ ہے کہ جب وہ کسی بھی کردار میں ڈھلتی ہیں تو سامنے کھڑے ہوئے فنکار کو حیران کر دیتی ہیں، انہیں اپنے کردار میں آنے کے لیے منٹ بھی نہیں لگتا۔
گوہر رشید نے مزید کہا کہ وہ خود کئی بار کبریٰ خان کے سامنے کھڑے دیکھتے رہ گئے اور جب سین ختم ہوا تو وہ ان کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکے ۔
اداکار گوہر رشید زی فائیو کی ویب سیریز ’تین تارا‘ میں اداکارہ و ماڈل آمنہ الیاس کے ساتھ نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک زمانے سے انہیں ہدایتکار کاشف نثار کے ساتھ کام کرنے کی خواہش تھی، نامور مصنف، بی گل کی اس تحریر میں مزے دار بات یہ ہے کہ اس میں کوئی مرکزی کردار نہیں ہے۔
اداکار نے مزید کہا کہ انہوں نے اسکرپٹ پڑھے بغیر ہی ویب سیریز میں کام کرنے کی حامی بھر لی تھی کیونکہ وہ بڑے عرصے سے کاشف نثار کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند تھے۔