پاکستان

پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم میں دراڑ سامنے آگئی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قانونی ٹیم میں دراڑ سامنے آگئی ہے۔

وکیل شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کے وکیل اور ترجمان شعیب شاہین کو غدار کہہ  دیا اور  شعیب شاہین کو  پراسرار  شخص بھی قرار دیا۔

سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں شیر افضل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم میں واحد غدار  شعیب شاہین ہے، شعیب شاہین اپریل 2023 کے آخری ہفتے میں پراسرار طور  پر ابھرے، شعیب شاہین کو  بنی گالہ  میں قانونی کمیٹی کے  اجلاس میں دیکھ کر حیران تھا۔

 شیر افضل کا کہنا تھا کہ شعیب شاہین اس سے قبل آئی ایل ایف یا پی ٹی آئی کا حصہ نہیں تھے، شعیب شاہین کوپی ٹی آئی تک رسائی کا مطلب کچھ لوگوں کی پشت پناہی ہے، شعیب شاہین کو فوجداری قانون کی اے بی سی نہیں آتی، شعیب شاہین چیئرمین پی ٹی آئی کےکسی فوجداری مقدمے میں وکیل نہیں، شعیب شاہین نے خودکو ان کا وکیل ظاہر کرنا شروع کر دیا ہے،  شعیب شاہین فراڈ ہے، پی ٹی آئی کی طاقت ور قوتوں نے ان کی حمایت کی۔

 شیر افضل کا مزید کہنا تھا کہ  شعیب شاہین واحد شخص ہے جسے میڈیا پر بلیک لسٹ نہیں کیا گیا، پی ٹی آئی میں دو  افراد کی  پشت پناہی سے شعیب شاہین قانونی  ٹیم تک پہنچے، بعض اوقات شعیب شاہین نے پی ٹی آئی کی  قانونی ٹیم کی معلومات لیک کیں، شعیب شاہین نے میری جان بھی خطرے میں ڈال دی تھی، شعیب شاہین نے کچھ غداروں کے ساتھ مل کر میرے خلاف سازشیں شروع کر دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شعیب شاہین نے پی ٹی آئی کو قانونی جنگ میں بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے، میں کل چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کروں گا اور انہیں اس حوالے سے آگاہ کروں گا۔

 ترجمان پی ٹی آئی کا شیرافضل کے بیان سے اظہار لاتعلقی 

دوسری جانب ترجمان پی ٹی آئی  نے شیرافضل مروت کے بیان سے لاتعلّقی کا اظہار کردیا ہے۔

ایک بیان میں ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ  شیرافضل مروت کی شعیب شاہین کے متعلق پوسٹ ان کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے، ان کے بیان کے مندرجات سے ہرگز اتفاق نہیں کرتے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ  تحریک انصاف کی قانونی ٹیم مشکل حالات میں مقدمات لڑ رہی ہے، شعیب شاہین تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کے نہایت قابل احترام اور کلیدی رکن ہیں، شعیب شاہین سمیت اپنی قانونی ٹیم کے ہر رکن کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

مزید خبریں :