Time 28 ستمبر ، 2023
پاکستان

سندھ اسمبلی کی 80 سے زائد گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال کا انکشاف

سندھ اسمبلی کی 42گاڑیاں وہ ملازمین استعمال کررہے ہیں جنہیں الاٹ نہیں ہوسکتی ہیں/ فائل فوٹو
  سندھ اسمبلی کی 42گاڑیاں وہ ملازمین استعمال کررہے ہیں جنہیں الاٹ نہیں ہوسکتی ہیں/ فائل فوٹو

کراچی: سندھ اسمبلی کی 80 سے زائد گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

سندھ اسمبلی کے 19گریڈکے افسر  نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشنر سندھ کونوٹس  بھیجا ہے جس میں گورنرسندھ ،چیئرمین نیب، نگران وزیر اعلیٰ سندھ، چیف سیکرٹری اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کے نام شامل ہیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہےکہ سندھ اسمبلی کے پاس 120گاڑیاں ہیں جس میں سے 42 گاڑیاں مختلف ملازمین استعمال کررہے ہیں، سندھ اسمبلی کی 42گاڑیاں وہ ملازمین استعمال کررہے ہیں جنہیں الاٹ نہیں ہوسکتی ہیں۔

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ رولزکے مطابق اسپیکر کو سندھ اسمبلی کی 2 گاڑیاں استعمال کرنے کی اجازت ہوتی ہے جب کہ اسمبلی کی 22 گاڑیاں اسپیکر کے زیر استعمال ہیں جو غیرقانونی ہے۔

نوٹس کے مطابق ڈپٹی اسپیکرکو 2گاڑیاں استعمال کرنےکی اجازت ہوتی ہے، ان کے زیر استعمال 3گاڑیاں ہیں، چیئرمین قائمہ کمیٹی کے پاس بھی 9 گاڑیاں ہیں جو واپس نہیں کی گئیں۔

نوٹس میں بتایا گیا ہےکہ سابق اسپیکر سندھ اسمبلی اور سابق ایم پی ایز 11 سرکاری گاڑیاں استعمال کررہے ہیں جب کہ سندھ اسمبلی کی 5 گاڑیاں چھینی گئیں جن کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، سندھ اسمبلی کی 5 گاڑیاں ایسی ہیں جن کی ابھی تک نیلامی نہیں ہوئی اور اسمبلی کی 24 گاڑیاں گم ہیں جس کی ایف آئی آردرج نہیں کرائی گئی۔

مزید خبریں :