28 ستمبر ، 2023
میٹا نے جنریٹیو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو اپنے صارفین تک پہنچانے کے لیے انسٹاگرام، واٹس ایپ، میسنجر اور فیس بک پر متعدد نئے فیچرز اور ٹولز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
میٹا کنکٹ 2023 کے موقع پر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے متعدد اے آئی فیچرز اور ٹولز کے بارے میں بتایا۔
اس کے ساتھ ساتھ میٹا ڈیجیٹل اسسٹنٹ کو بھی مختلف سروسز کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
اس ایونٹ کے دوران کمپنی نے اپنے نئے ورچوئل رئیلٹی ہیڈ سیٹ کوئیسٹ 3 اور نئے رے بین اسمارٹ گلاسز کو بھی پیش کیا۔
میٹا کے چند نئے اے آئی فیچرز کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔
یہ بالکل چیٹ جی پی ٹی کی طرح کا اے آئی ڈیجیٹل اسسٹنٹ ہے جو صارفین کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دے سکے گا۔
مارک زکربرگ کے مطابق یہ ڈیجیٹل اسسٹنٹ مائیکرو سافٹ بنگ سرچ تک رسائی حاصل کرکے رئیل ٹائم انفارمیشن صارفین تک پہنچائے گا۔
یہ ڈیجیٹل اسسٹنٹ واٹس ایپ، میسنجر اور انسٹاگرام پر صارفین کو دستیاب ہوگا جو کمپنی کے لارج لینگوئج ماڈل لاما 2 پر مشتمل ہے۔
میٹا اے آئی کے ساتھ ساتھ کمپنی کی جانب سے 28 اے آئی اواتارز کا اعلان بھی کیا گیا جو مختلف معروف شخصیات پر مبنی ہوں گے۔
یہ اواتارز بھی واٹس ایپ، میسنجر اور انسٹاگرام پر دستیاب ہوں گے جن سے صارفین مختلف موضوعات پر بات چیت کر سکیں گے۔
مارک زکربرگ نے بتایا کہ بتدریج صارفین خود اپنا ڈیجیٹل اسسٹنٹ تیار کر سکیں گے، تاہم اس میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔
انسٹاگرام میں اس ٹول کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
اس ٹول کی مدد سے صارفین میٹا کے نئے امیج جنریشن ماڈل ایمو کو استعمال کرکے کسی تصویر کے بیک گراؤنڈ اور اسٹائل کو تحریری ہدایات کے ذریعے تبدیل کر سکیں گے۔
مارک زکربرگ کے مطابق یہ ٹول 5 سیکنڈ میں تصاویر تیار کر سکے گا۔
یہ فیچر بھی ماڈل ایمو کو استعمال کرکے تحریری ہدایات کے مطابق چند سیکنڈوں میں اسٹیکر تیار کرے گا۔
یہ فیچر اکتوبر میں واٹس، انسٹاگرام میسنجر اور فیس بک اسٹوریز میں دستیاب ہوگا۔