28 ستمبر ، 2023
فیڈرل بورڈ آف ریونیوز (ایف بی آر) کا کہنا ہےکہ پاور ڈویژن سے اپ ڈیٹڈ ڈیٹا مل جائے تو بجلی صارفین کو ٹیکس نمبر دے دیں گے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں سینیٹر سعدیہ عباسی نےکہا کہ بجلی بلوں پر سیلزٹیکس، ودہولڈنگ اور انکم ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، ایسے لوگوں کو ٹیکس نمبر دیا جائے۔
ممبر ایف بی آر آفاق احمد کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 40 لاکھ کمرشل اور ساڑھے 3 کروڑ رہائشی بجلی کنکشنز کا ڈیٹا ہے، پاور ڈویژن سے کہا گیا ہےکہ 15 دنوں میں کنکشنز بل ادا کرنے والے صارفین کے نام منتقل کیے جائیں۔
ممبر ایف بی آر کا کہنا تھا کہ پاور ڈویژن سے اپ ڈیٹڈ ڈیٹا مل جائے تو ایسے بجلی صارفین کو ٹیکس نمبر دے دیں گے۔