Time 29 ستمبر ، 2023
پاکستان

ہنگو میں تھانے کی مسجد میں خودکش حملہ، 5 افراد جاں بحق، 12 زخمی

ہنگو کی تحصیل دوآبہ میں تھانے کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور  12  زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق 2 شدت پسندوں نے تھانا دوآبہ میں اندرگھسنےکی کوشش کی، تھانے کے گیٹ پر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک خودکش بمبارتھانے کے گیٹ میں ہلاک ہوا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے، تاہم  دوسرے دہشت گرد نے تھانے کے اندر داخل ہو کر مسجد میں خود کو اڑایا، پولیس کے بروقت رسپانس سے دھماکے سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے باعث مسجد کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 5 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے، باقی افراد کو ملبے سے نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے جبکہ 12 زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

عینی شاہد کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کو گیٹ پر روکنے والے اہل کار نے بڑی ہلاکتوں سے بچالیا۔ 

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان نے ہنگو دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

نگران وزیراعلیٰ نے ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو امدادی کاموں کی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہنگو کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی جائے ۔

دوسری جانب ہنگو دوآبہ تھانے کی مسجد میں خودکش دھماکےکی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی ہے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق دو خودکش حملہ آور مسجد میں داخل ہونے کے لیے پہنچے تھے، پولیس کی بروقت رسپانس سے ایک خودکش حملہ آور مسجد کے باہر ہلاک کر دیا گیا۔

ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس اورحملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے وقت نمازی مسجد سے نکلے، فائرنگ کے دوران دوسرا خودکش حملہ آور مسجد میں داخل ہوا۔

رپورٹ کے مطابق نمازیوں کے مسجد سے نکلنے کی وجہ سے نقصان کم ہوا، حملہ آور کہاں سے آئے، پولیس کی تحقیقات ہرپہلو سے جاری ہے۔

ادھر بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بھی الفلاح روڈ پر مسجد کے قریب خودکش دھماکا ہوا جس میں 25 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے۔

مزید خبریں :