29 ستمبر ، 2023
امریکا نے ایک بار پھر بھارت پر سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کی تحقیقات میں کینیڈا سے تعاون پر زور دیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ان کے بھارتی ہم منصب جے شنکر نے واشنگٹن ڈی سی میں ملاقات کی جس میں امریکی وزیر خارجہ نے جے شنکر پر سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کی تحقیقات میں کینیڈا سے تعاون کرنے پر زور دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن پہنچنے پر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا کہنا تھا کہ امریکی دارالحکومت میں واپسی اچھی ہے اور نئی دہلی میں جی 20 سمٹ میں تعاون کرنے پر امریکا کے شکر گزار ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ نے اپنے دورے میں امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون سے بھی ملاقات کی جس سے متعلق انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں شاندار پیشرفت ہوئی ہے اور ہم نے اس سال مستقبل کے معاملات پر بات کی۔
بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر ایسے وقت میں امریکا کا دورہ کررہے ہیں جب بھارت کو کینیڈا میں خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل پر شدید دباؤ کا سامنا ہے۔
کینیڈین وزیراعظم کی جانب سے بھارت پر ہردیپ سنگھ کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام کے بعد امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک نے بھارت سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
اس حوالے سے جمعرات کے روز امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے بریفنگ میں امریکا اور بھارت کے وزیر خارجہ کی ملاقات پر روشنی ڈالنے سے گریز کیا تاہم انہوں نے کہا کہ امریکا نے بھارت پر تحقیقات میں تعاون پر زور دینے کا کہا ہے اور اس سلسلے میں ہماری کوششیں بھی جاری رہیں گے۔