Time 30 ستمبر ، 2023
دنیا

سابق امریکی صدر ٹرمپ کی ٹیکس تفصیلات لیک کرنیوالے ملزم پر فرد جرم عائد

ملزم پر الزام ہے کہ اس نے ہزاروں امریکی دولت مندوں کی ٹیکس انفارمیشن بھی چرائیں: میڈیا رپورٹس/ فائل فوٹو
ملزم پر الزام ہے کہ اس نے ہزاروں امریکی دولت مندوں کی ٹیکس انفارمیشن بھی چرائیں: میڈیا رپورٹس/ فائل فوٹو

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیکس تفصیلات لیک کرنے والے ملزم پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ امریکی ٹیکس کے امور دیکھنے والی باڈی آئی آر ایس کے کنٹریکٹرچارلس لٹل جون نے سابق صدر کی ٹیکس کی تفصیلات  چوری کرکے ایک خبر رساں ادارے کو دیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ اس نے ہزاروں امریکی دولت مندوں کی ٹیکس انفارمیشن بھی چرائیں۔

امریکی محکمہ انصاف نے کہا کہ ملزم کی جانب سے یہ ڈیٹا دوسرے ادارے کو بھی فراہم کیا گیا اور عدالتی دستاویزات سے یہ واضح ہوتا ہےکہ ملزم کے دیے گئے ڈیٹا کی بنیاد پر دو خبر رساں اداروں نے اس پر متعدد کالمز شائع کیے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہےکہ عدالت میں پیش کی جانے والی دستاویزات میں کسی حکومتی عہدیدارکا نام موجود نہیں ہے لیکن یہ تصدیق کی جاسکتی ہےکہ یہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دستاویزات ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالتی دستاویزات میں یہ دعویٰ کیا گیا ہےکہ 2017 سے 2021 کے درمیان لٹل جون نے نامعلوم شخص کی حیثیت سے آئی آر ایس میں کنسلٹنسی کی جسے بعد میں محکمہ خزانہ کے ٹیکس امور دیکھنے کے لیے کنٹریکٹ میں تبدیل کردیا گیا جب کہ اس دوران ملزم نے ٹیکس کی تفصیلات چوری کیں جن میں 15 سال پرانی تفصیلات بھی شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دستاویزات میں یہ بات سامنے آئی ہےکہ سابق امریکی صدر ٹرمپ نے 2016 اور 2017 میں 750 ڈالر فیڈرل انکم ٹیکس ادا کیا جب کہ انہوں نے سن 2000 سے 2015 تک کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا۔

مزید خبریں :