Time 30 ستمبر ، 2023
کھیل

ایشین گیمز ہاکی: بھارت نے پاکستان کو 2-10 سے شکست دے دی

فوٹو:ا سکرین شاٹ
فوٹو:ا سکرین شاٹ

ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ میں بھارت نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 10 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیےکوالیفائی کرلیا۔

چین کے شہر ہانگ زو میں جاری 19ویں ایشین گیمز میں پاک بھارت ہاکی میچ یکطرفہ ثابت ہوا جہاں عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود بھارتی ہاکی ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی رینکنگ میں 15ویں نمبر پر موجود پاکستان ہاکی ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 10 گول سے ہرادیا۔

بھارت کی جانب سےکپتان ہرمن پریت سنگھ نے ہیٹ ٹرک اسکور کرتے ہوئے 4 گول کیے۔

 ورون کمار نے دو جب کہ شمشیر، لالیت کمار، سومیتھ اور مندیپ سنگھ نے ایک ایک گول کیا۔

پاکستان کی جانب سے رانا وحید اور صفیان خان نے ایک ایک گول کیا۔

بھارت نے پہلی مرتبہ پاکستان کےخلاف 10گول کیے ہیں، پاکستان کےخلاف بھارت کی یہ سب سے بڑی فتح ہے۔

پاکستان اور جاپان کے درمیان میچ کوارٹرفائنل کی صورت اختیار کرگیا ہے، پاکستان جاپان کے خلاف میچ برابر کرکے بھی سیمی فائنل کے لیےکوالیفائی کرسکتا ہے جب کہ جاپان کو سیمی فائنل کے  لیے جیت لازمی درکار ہے۔

پاکستان اور جاپان کے درمیان میچ دو اکتوبر کو کھیلا جائےگا۔

مزید خبریں :