Time 01 اکتوبر ، 2023
کھیل

کوہلی نہ جڈیجا ، شاداب خان نے اپنے فیورٹ بھارتی کرکٹرز کے نام بتا دیے

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے اپنے فیورٹ بھارتی کرکٹرز کے نام بتا دیے، حیران کن بات یہ ہے کہ ان میں دنیا کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ویرات کوہلی کا نام شامل نہیں ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم ان دنوں آئی سی سی ورلڈکپ کھیلنے بھارت میں موجود ہے، اتوار کو حیدرآباد دکن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان سے ان کے فیورٹ بھارتی کرکٹرز کے نام پوچھے گئے۔

جس پر شاداب نے بتایا کہ مجھے روہت شرما بہت اچھے لگتے ہیں،وہ بہت خطرناک بیٹر ہیں، اگر وہ ایک بار سیٹ ہوجائیں تو انہیں آؤٹ کرنا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک بھارتی بولرز کی بات ہے تو مجھے لیگ اسپنر کلدیپ یادیو بہترین لگتے ہیں، وہ فلیٹ پِچ پر بھی شاندار بولنگ کرنے کی مہارت رکھتے ہیں۔

شاداب نے مزید کہا کہ میرے خیال سے جس ٹیم کی بولنگ بہترین ہوگی وہی ٹیم ورلڈکپ جیتے گی۔

جیسے ہی شاداب نے ویرات کوہلی کے بجائے روہت شرما کو اپنا پسندیدہ بھارتی بیٹر قرار دیا تو سوشل میڈیا پر بھی مزے مزے کے میمز شیئر ہونے لگے۔

صارفین کا خیال تھا کہ جس طرح ایشیا کپ کے دوران شاداب اور کوہلی  کے درمیان دوستی دیکھی گئی، امکان یہی تھا کہ وہ کوہلی کو ہی اپنا فیورٹ بھارتی کرکٹر مانتے ہیں۔

ایک صارف نے کوہلی کی روتے ہوئے تصویر شیئر کردی جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ' ٹھکرا کر میرا پیار میرا انتقام دیکھے گی'۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم  ورلڈکپ میں شرکت کیلئے بدھ کو دبئی کے راستے حیدرآباد دکن پہنچی تھی جہاں اس کا شاندار استقبال کیا گیا تھا۔

جمعہ کو پاکستان نے حیدرآباد میں ہی نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈکپ کا وارم اپ میچ کھیلا جس میں اسے بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ قومی ٹیم اپنا دوسرا وارم اپ میچ 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔

ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا، پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔ 

مزید خبریں :