پاکستان
Time 02 اکتوبر ، 2023

کراچی پاکستان کی بقا، سلامتی اور خوشحالی کا گیٹ وے ہے: خالد مقبول صدیقی

یہ جلسہ انتخاب کی تیاری نہیں، انقلاب کی تیاری ہے: خالد مقبول صدیقی کا ملیر میں جلسے سے خطاب— فوٹو: اسکرین گریب
یہ جلسہ انتخاب کی تیاری نہیں، انقلاب کی تیاری ہے: خالد مقبول صدیقی کا ملیر میں جلسے سے خطاب— فوٹو: اسکرین گریب

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ  خوش حالی جب تک کراچی میں داخل نہیں ہو گی، تب تک ملک میں بھی نہیں پہنچ سکتی، کراچی پاکستان کی بقا، سلامتی اور خوشحالی کا گیٹ وے ہے۔

کراچی کے علاقے ملیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ انتخاب کی تیاری نہیں، انقلاب کی تیاری ہے،  ہم یہاں الیکشن جیتنے نہیں دل جیتنے آئے ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان بکھر نہیں رہی، نکھر رہی ہے،ہماری وجہ سے ایوان میں متوسط طبقے کی نمائندگی ہو گی۔

جلسے میں کارکنوں سے خطاب کے دوران کراچی کے ہر ٹاؤن میں جلسے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سینیئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمارے جلسے میں عوام خود آتے ہیں، 22 سیٹوں پر تمام قومیت کے افراد کو ٹکٹ دیں گے۔ ملیر کے کامیاب جلسے نے ثابت کیا کہ عوام ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ ہیں۔ ایک بار مینڈیٹ ملا تو کراچی کو اس کا حق دلائیں گے، یہ شہر پاکستان کو کما کر دے گا۔

جلسے سے اپنے خطاب میں ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سیاسی قوت ہے جسے نہ ختم کیا جا سکتا ہے نہ دبایا جا سکتا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے تحت کراچی کے ملیر ٹاؤن میں جلسے سے انیس قائم خانی اور نسرین جلیل سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

مزید خبریں :