Time 02 اکتوبر ، 2023
پاکستان

سائفر کیس: عمران خان اور شاہ محمود کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم

آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی کے وکیل کی کیس کی نقول فراہم کرنے کی درخوست منظور کرلی/ فائل فوٹو
آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی کے وکیل کی کیس کی نقول فراہم کرنے کی درخوست منظور کرلی/ فائل فوٹو

اسلام آباد: سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد کی سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات نے سائفر کیس کی سماعت کی جس دوران پی ٹی آئی کے وکیل نے سائفر کیس کی نقول فراہم کرنے کی درخواست کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

جج نے کہا کہ گواہوں کے بیانات ملزمان کو نوٹس جاری کرنے کے لیے کافی ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود اڈیالہ جیل میں قید ہیں، دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے ۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 4 اکتوبر کے لیے نوٹس جاری کردیے۔

بعد ازاں عدالتی عملے نے وکیل خالد یوسف سے کہا کہ سائفرکیس کی نقول فراہم کرنے کے لیے ایک دن درکار ہوگا، چالان کی نقول پرسوں فراہم کردی جائیں گی۔

عدالتی عملے نے وکیل کو بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

سائفر کیس کے چالان میں عمران خان اور شاہ محمود قصور وار قرار

واضح رہےکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرادیا۔

ایف آئی اے نے سائفر کیس کا چالان آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی عدالت میں جمع کرایا جس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو قصور وار قرار دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے چالان میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو ٹرائل کرکے سزا دینے کی استدعا کی ہے۔

مزید خبریں :