Time 02 اکتوبر ، 2023
پاکستان

رضوانہ تشدد کیس: ملزم سول جج عاصم حفیظ 2 ماہ بعد بھی کیس میں شامل تفتیش نہ ہوئے

کمسن گھریلو ملازمہ رضوانہ تشدد کیس کے ملزم سول جج عاصم حفیظ 2 ماہ بعد بھی کیس میں شامل تفتیش نہیں ہوئے۔

اسلام آباد کے تھانہ ہمک میں 24 جولائی کو کم سن گھریلو ملازمہ رضوانہ پر سول جج عاصم حفیظ کی رہائشگاہ پر تشدد کا مقدمہ درج کیا گیا۔

پولیس حکام نے تفتیش کا آغاز کیا تو ابتدا میں راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالا اور لاہور میں متعدد چھاپے مارے گئے مگر سول جج یا ان کی اہلیہ تک نہ پہنچ سکے۔

سول جج کی اہلیہ شامل تفتیش ہوئیں اور عدالت کے حکم پر انہیں کمرہ عدالت سے گرفتار کیا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سول جج عاصم حفیظ تاحال شامل تفتیش نہیں ہوئے، لاہور ہائیکورٹ نے جے آئی ٹی سربراہ کو وہاں آ کر تفتیش کرنے کا کہا مگر وہ نہیں گئے۔

راولپنڈی کے سیشن جج نے سول جج عاصم حفیظ سے تفتیش کے لیے تفتیشی افسر کو طلب کیا تاہم اسلام آباد پولیس نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ اسلام آباد سے باہر کی عدالت انہیں طلب نہیں کر سکتی۔

پولیس ذرائع کے مطابق کیس کا چالان عدالت میں جمع کرایا جا چکا ہے مگر ملزم سول جج عاصم حفیظ کو شامل تفتیش کرنے میں رکاوٹوں کا سامنا ہے اور تفتیش آگے نہیں بڑھ سکی، مقدمے میں سول جج عاصم حفیظ کی بیوی ضمانت پر ہیں۔

مزید خبریں :