03 اکتوبر ، 2023
چین میں جاری ایشین گیمز میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ دراز ہوگیا۔
ایشین گیمز میں بیڈ منٹن میں قومی پلیئرز کا سفر ختم ہوگیا، باکسنگ کے 51 کے جی کلاس کے کوارٹرفائنل میں زوہیب رشید کو شکست ہوئی البتہ کبڈی میں پاکستان نے کوریا کو گروپ میچ میں ہرادیا۔
بیڈمنٹن
ایشین گیمز کے بیڈمنٹن ایونٹ میں مینز سنگلز ،ویمنز سنگلز اور ویمنز ڈبلز میں قومی پلیئرز کا سفر ختم ہوا۔
مینز سنگلز میں مراد علی کو چین کے شیفنگ لی نے 21-11 اور 21-11 سے شکست دی، جبکہ عرفان سعید جاپان کے کودائی ناراوکا سے ہار گئے۔
ویمنز سنگلز میں ماحور شہزاد ویتنام کی پلیئرز کے سامنے ہمت ہارگئیں ، ڈبلز میں ماحور اور غزالہ صدیقی کو تھائی لینڈ کی جوڑی نے مات دے دی۔
باکسنگ
باکسنگ میں پاکستان کی آخری اُمید بھی دم توڑ گئی ، 51 کے جی کے کوارٹر فائنل میں زوہیب رشید اُزبکستان کے باکسر سے ہارگئے، وہ کوئی پوائنٹ اسکور نہ کرسکے۔
ویٹ لفٹنگ
ویٹ لفٹنگ میں فرقان انور گروپ ’بی‘ میں پہلی پوزیشن پر رہے ، انہوں نے 81 کے جی میں مجموعی طور پر 299 کلوگرام وزن اُٹھایا ، فرقان نے اسنیچ میں 133 اور کلین اینڈ جرک میں 166 کلوگرام وزن اٹھایا۔
میڈل ونر کا فیصلہ گروپ اے میں شامل ویٹ لفٹرز کی پرفارمنس کے بعد ہوگا، فرقان انور کے میڈل حاصل کرنے کے امکانات کم ہی ہیں۔
کبڈی
کبڈی کے گروپ بی میں پاکستان نے کوریا کو 56-21 کے اسکور سے شکست دے دی ، میچ میں پاکستان نے 8 آل آؤٹ پوائنٹس بھی حاصل کیے۔
پاکستان گروپ کا تیسرا میچ کل ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا۔
اس کے علاوہ ایشین گیمز میں پاکستان کے میڈل کی امید کو دھچکا لگا ہے، جیولن تھرور ارشد ندیم انجری کے باعث گیمز سے دستبردار ہوگئے۔