03 اکتوبر ، 2023
کوئٹہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں نجی اکیڈمی میں آتشزدگی کے نتیجے میں زیر تعلیم 36 لڑکیاں دھویں کے باعث بے ہوش ہوگئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق نجی اکیڈمی میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے سے 36 طالبات جھلس کر زخمی اور بے ہو ش ہوگئیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیوں نے جائے وقوعہ پہنچ کر آگ پر قابوپالیا، آگ لگنے سے اکیڈمی میں فرنیچر، آلات اور دیگر سامان کو نقصان پہنچا۔
نگران وزیر اعلیٰ نے نجی اکیڈمی میں آگ لگنے کے واقعےکا نوٹس لیتے ہوئے تمام متاثرہ بچیوں کو بہتر طبی امداد فراہم کرنےکی ہدایت کی ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ نے آگ لگنےکی وجوہات کا تعین کرکے رپورٹ پیش کرنے اور تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں بہتر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔