Time 05 اکتوبر ، 2023
کھیل

ورلڈکپ: بی جے پی نے اسٹیڈیم بھرنے کیلئے کیا حکمت عملی بنائی؟

ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ کے ٹکٹس سولڈ آؤٹ ہونے یا نہ ہونے پر بھارتی میڈیا نے سوالات اٹھا دیے__فوٹو: ٹوئٹر
ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ کے ٹکٹس سولڈ آؤٹ ہونے یا نہ ہونے پر بھارتی میڈیا نے سوالات اٹھا دیے__فوٹو: ٹوئٹر

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کا آج سے بھارت میں آغاز ہونے جارہا ہے اور پہلے میچ میں  احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ مد مقابل ہوں گے۔

ورلڈکپ کے افتتاحی میچ کے ٹکٹس سولڈ آؤٹ ہونے یا نہ ہونے پر بھارتی میڈیا نے سوالات اٹھا دیے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حکمران جماعت بے جے پی نے سٹی وارڈ لیول پر اسٹینڈز کو بھرنے کی حکمت عملی بنالی ہے، مقامی آفیشلز ٹکٹوں کے ساتھ چائے اور لنچ کے فری واؤچرز بھی دے رہے ہیں۔

مقامی بی جے پی رہنما کے مطابق 30 سے 40 ہزار خواتین ورلڈکپ کا پہلا میچ دیکھنے کے لیے تیار ہیں، گزشتہ ماہ پارلیمنٹ میں پیش ہونے والے ویمن ریزرویشن بل سے متاثر ہو کر خواتین کو اسٹیڈیم لانے کا فیصلہ کیا۔

بی جے پی رہنما نے بتایا کہ ٹکٹس تقسیم کردیے گئے ہیں، رضاکاروں کو نام بھیجنے کا کہا ہے، ٹکٹیں ٹاپ سے حاصل کی گئی ہیں، خواتین اسٹیڈیم خود پہنچیں گی۔

دوسری جانب گجرات سے تعلق رکھنے والے بی جے پی ترجمان کا کہنا ہے کہ پارٹی لیول پر ایسی کوئی کوشش نہیں کی گئی، اگر خواتین اسٹیڈیم آتی ہیں تو اچھی بات ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق خواتین کو اسٹیڈیم لانے کے حوالے سے مقامی سطح پر واٹس ایپ گروپ میں پیغامات شروع کیے گئے ہیں، احمد آباد کے اسٹیڈیم میں تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، افتتاحی میچ سولڈ آؤٹ نہیں ہے۔

گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے سینئر ممبر کے مطابق فیسٹیول کا موڈپیدا کرنے کے لیے اسکولوں کے بچوں کو بھی بلایا گیا ہے اور منفرد چیز خواتین تماشائیوں کا ہونا ہے۔

اس کے علاوہ ٹکٹیں کس نے خریدیں؟ سینئر ممبر نے جواب دینے سے انکار کردیا۔

مزید خبریں :