گوگل پکسل 8 سیریز کے 2 فونز متعارف

پکسل 8 پرو / فوٹو بشکریہ گوگل
پکسل 8 پرو / فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل نے اپنے 2 نئے اسمارٹ فونز پکسل 8 اور پکسل 8 پرو متعارف کرا دیے ہیں۔

ان نئے فونز میں ٹینسر جی 3 پراسیسر دیا گیا ہے جس کے ساتھ ٹائٹن ایم 2 سکیورٹی چپ بھی موجود ہے۔

یہ نیا پراسیسر دونوں اسمارٹ فونز میں گوگل کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچرز جیسے رئیل ٹائم ٹرانسلیشن کو ان ایبل کرے گا۔

پکسل 8 میں 8 جی بی جبکہ پکسل 8 پرو میں 12 جی بی ریم موجود ہوگی اور یہ دونوں واٹر اور ڈسٹ ریزیزٹنس فونز ہیں۔

پکسل 8 پرو میں 6.7 انچ کا ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سے لیس ہے۔

پکسل 8 پرو / فوٹو بشکریہ گوگل
پکسل 8 پرو / فوٹو بشکریہ گوگل

اس فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس کا مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 48 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 48 میگا پکسل 5x زوم کیمرے موجود ہیں۔

فون کے فرنٹ پر 10.5 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے۔

کیمرا سیٹ اپ کے برابر میں ایک اسکن ٹمپریچر سنسر بھی دیا گیا ہے جس کا مقصد اشیا کے درجہ حرارت سے آگاہ کرنا ہے۔

گوگل کی جانب سے فوٹو unblur، میجک اریزر اور مارکو فوکس جیسے فیچرز بھی دونوں فونز کا حصہ بنائے گئے ہیں جبکہ پرو ماڈل میں ایک نیا پرو کنٹرولز فیچر بھی دیا گیا ہے۔

پرو ماڈل میں 5050 ایم اے ایچ بیٹری 30 واٹ چارجنگ اسپیڈ کی صلاحیت کے ساتھ دی گئی ہے۔

پکسل 8 میں 6.2 انچ کا ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ بیک پر 50 میگا پکسل اور 12 میگا پکسل پر مشتمل کیمرا سیٹ اپ موجود ہے۔

پکسل 8 / فوٹو بشکریہ گوگل
پکسل 8 / فوٹو بشکریہ گوگل

فون کے فرنٹ پر 10.5 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے جبکہ ڈیوائس میں 4575 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے۔

گوگل کی جانب سے دونوں فونز کے لیے 7 سال تک آپریٹنگ سسٹم اور سکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

پکسل 8 کی قیمت 700 ڈالرز (لگ بھگ 2 لاکھ پاکستانی روپے) جبکہ پکسل 8 پرو کی قیمت ایک ہزار ڈالرز (2 لاکھ 84 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔

مزید خبریں :