06 اکتوبر ، 2023
لاہور: ایف آئی اے نے عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کے لیے سعودیہ جانے والے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کیا جن میں 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان کو ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ائیرپورٹ پر آف لوڈ کیا، ملزمان بھیک مانگنے کے لیے متعدد بار سعودی عرب، ایران اور عراق جاچکے ہیں، ملزمان کو سعودی عرب پہنچنے پر پاکستانی ایجنٹوں نے وصول کرنا تھا۔
ترجمان کے مطابق بھیک کے ذریعے کمائی کی گئی رقم کا آدھا حصہ ایجنٹ کو دینا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ ملزمان اور ایجنٹوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔