06 اکتوبر ، 2023
وفاقی حکومت کے فیصلے کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر افغان خاندانوں کے انخلا کا سلسلہ آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔
طور خم سرحد پر تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر افغان کمشنریٹ خیبر پختونخوا محمد عمران کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں غیر قانونی رہائش پذیر افغان خاندانوں کے انخلا کا سلسلہ آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج 30 افغان خاندانوں کو لے کر 16 ٹرکس طور خم سرحد پہنچ گئے۔ جہاں قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد افغانستان جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر افغان کمشنریٹ کے مطابق افغان جانے والے یہ 30 خاندان 204 افراد پر مشتمل ہے۔جس میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ گزشتہ دو روز میں طورخم سرحدی گز رگاہ سے 60 خاندانوں پر مشتمل 554 افراد افغانستان جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ماہ ستمبر میں 1426 افراد پر مشتمل 280 افغان خاندان رضا کارانہ طور پر طور خم سرحدی گزر گاہ سے افغانستان جا چکے ہیں۔ افغان خاندانوں کی ملک واپسی میں 30 اکتوبر تک مزید تیزی آئے گی۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ رواں سال ماہ جنوری میں 10 افغان خاندان، ماہ فروری میں 20 خاندان، مارچ میں 52 ، اپریل میں 28 خاندان، مئی میں 200 خاندان، جون میں 183 خاندان ، جولائی میں 192 خاندان، اگست میں 219 افغان خاندان طورخم سرحدی گزرگاہ سے رضاکارانہ طورپر افغانستان جاچکے ہیں۔ مذکورہ افغان خاندان ملک کے مختلف حصوں میں رہائش پذیر تھے۔