07 اکتوبر ، 2023
بھارت میں جاری ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں نیدر لینڈز کے خلاف پاکستان کی جیت کے بعد ڈریسنگ روم میں پلیئرز کیلئے ایوارڈز کی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستان ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کھلاڑیوں میں ایوارڈز تقسیم کیے۔
قومی ٹیم کے ڈائریکٹر کی جانب سے بابراعظم کو ’پلیئر آف دا ویک‘ جبکہ سعود شکیل کو میچ کے ’امپیکٹ پلیئر‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔
ڈریسنگ روم میں منعقدہ اس تقریب میں مکی آرتھر نے پلیئرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے حارث رؤف کے اوور، رضوان کی بیٹنگ اور شاداب و نواز کی شراکت داری کی تعریف کی۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ سعود شکیل نے پریشر کے باوجود آتے ہی اچھی اننگز کھیلی، اچھے شاٹس کھیلے اور مثبت ارادے کا مظاہرہ کیا۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ پریشر میں ایک ایسی شراکت بنائی جس کا کافی اہم کردار رہا، ہمیں ایسی ہی کرکٹ کھیلنی ہے، یہی ہمارا ’’دی پاکستان وے‘‘ ہے۔
یاد رہے کہ بھارت میں جاری آئی سی سی مینز ورلڈکپ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے 81 رنز سے نیدرلینڈز کو با آسانی شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔
پاکستان کے 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم 41 اوورز میں 205 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، بیس ڈی لیڈا 67 اور وکرم جیت سنگھ 52 رنز بناکر نمایاں رہے۔
گرین شرٹس کی جانب سے حارث رؤف نے 3 اور حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔