08 اکتوبر ، 2023
فلسطینی علاقوں پر دہائیوں سے قابض صیہونی فورسز نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے بعداپنے خلاف ایک اور محاذ کھول لیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق صیہونی فوج کی جانب سے لبنان کے سرحدی علاقے پر گولہ باری کی گئی۔
صیہونی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ لبنان کی سرحد پار سے مارٹر گولے فائر ہونے کے بعد اسرائیلی فورسز نے اہداف کو نشانہ بنایا۔
اب اطلاعات ہیں کہ اسرائیل فلسطین جنگ میں حزب اللہ بھی شامل ہوگئی ہے۔
المنار ٹی وی کے مطابق حزب اللہ کے درجنوں جنگجو لبنان سے اسرائیل میں داخل ہو چکے ہیں۔
لبنان سے تعلق رکھنے والی تنظیم حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ حزب اللہ کے عماد مغنیہ یونٹ نے تین اسرائیلی فوجی چوکیوں پر حملہ کیا، تینوں فوجی چوکیاں مقبوضہ شیبہ فارمز میں واقع ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل پر زمین، فضا اور سمندر سے اس قدر اچانک حملے کیے کہ فلسطینی علاقوں پر قابض اسرائیل کو بالکل سنبھلنے کا موقع ہی نہ ملا۔
حماس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے اسرائیل پر 5000 سے زائد راکٹ برسائے جبکہ غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس کے حملوں میں اب تک متعدد اسرائیلی فوجیوں سمیت 500 سے زائد افراد ہلاک اور 1800 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے بھی حماس کے خلاف جنگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم حماس سے ہر صورت بدلہ لیں گے۔
اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ پٹی پر درجنوں راکٹ برسائے گئے جس میں اب تک 250 کے قریب فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ متعدد مقامات پر اب بھی حماس کی القسام بریگیڈ اور صیہونی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔