دنیا
Time 08 اکتوبر ، 2023

غزہ میں اسرائیل کے حملوں میں شہید فلسطینی بچوں کی تعداد 41 ہوگئی

فوٹو: فلسطنی میڈیا
فوٹو: فلسطنی میڈیا

غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کے حملوں میں 41 معصوم فلسطینی بچے بھی شہید  ہوچکے ہیں۔

غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے حکام کے مطابق  اسرائیل کے حملوں میں اب تک  413 فلسطینی شہید  ہوچکے ہیں اور  2300 سے زائد زخمی ہیں۔

 وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہےکہ شہدا میں 41 بچے بھی شامل ہیں اور  121سے زائد بچے زخمی ہوئے ہیں۔

خیال رہےکہ اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے غزہ میں عام فلسطینیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، گزشتہ کئی سالوں سے محصور غزہ میں دواؤں اور بنیادی ضروری اشیاء کی پہلے ہی قلت ہے اور موجودہ صورت حال میں حالات مزید دگرگوں ہوگئے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے حماس کے حملوں کے جواب میں غزہ  پر بڑے حملےکی دھمکی دیتے ہوئے فلسطینیوں کو غزہ خالی کرنے کی وارننگ دی ہے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے کہا ہے کہ حماس سے بدلہ لیں گے، اسرائیل ہر  جگہ  بھرپور طاقت کا استعمال کرے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے دھمکی دی کہ یہ جنگ طویل اور مشکل ہوگی، فلسطینی غزہ کو خالی کردیں۔

مزید خبریں :