Time 08 اکتوبر ، 2023
دنیا

عالمی برادری مداخلت کرتے ہوئے فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی جارحیت رکوائے: او آئی سی

عالمی برادری فلسطینی عوام کا تحفظ کرے ،عالمی برادری فلسطینی علاقوں سےاسرائیلی قبضہ ختم کرانے کے لیے سنجیدہ سیاسی عمل کے لیے تعاون کرے: او آئی سی اعلامیہ__فوٹو: فائل
 عالمی برادری فلسطینی عوام کا تحفظ کرے ،عالمی برادری فلسطینی علاقوں سےاسرائیلی قبضہ ختم کرانے کے لیے سنجیدہ سیاسی عمل کے لیے تعاون کرے: او آئی سی اعلامیہ__فوٹو: فائل

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مظلوم فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

او آئی سی کا کہنا ہے کہ عالمی برادری اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے مداخلت کرے اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت رکوائے، اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں سینکڑوں فلسطینی شہید اور  ہزاروں زخمی ہوئے، علاقائی عدم استحکام کی وجہ اسرائیلی قبضہ، عالمی قراردادوں کو تسلیم نہ کرناہے۔

اسلامی تعاون تنظیم کے مطابق علاقائی عدم استحکام کی وجہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی روزانہ بنیاد پر نسل کشی اور فلسطینی علاقوں پر حملے ہیں۔

او آئی سی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کا تحفظ  یقنی بنانے کے علاوہ فلسطینی علاقوں سے صیہونی قبضہ ختم کرانے کے لیے سنجیدہ سیاسی عمل کے لیے تعاون کرے اور اسرائیلی قبضہ ختم کراکر فلسطینی ریاست قائم کی جائے۔

او آئی سی اعلامیے کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ پر وحشیانہ بمباری کی، اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے رہائشی عمارتیں تباہ اور بیسیوں فلسطینی شہید ہوئے۔

اسرائیلی دفاعی ترجمان کی پریس کانفرنس

دوسری جانب اسرائیلی دفاعی ترجمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روزسے اب تک اسرائیلی فورس کی کارروائی میں400 فلسطینی مارےگئے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 313ہوگئی،اس کے علاوہ  تقریباً 2 ہزار فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔

مزید خبریں :