09 اکتوبر ، 2023
ایک اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی مزاحمت پسند تنظیم حماس کے حملوں میں 1000 سے زائد اسرائیلی ہلاک ہوئے۔
اسرائیلی اخبار Yedioth Ahronoth کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حماس کے حملوں میں 1000 سے اوپر اسرائیلی ہلاک ہوئے تاہم اسرائیلی وزارت صحت نے 700 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
اسرائیلی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 150 سے زائد اسرائیلیوں کے حماس کی قید میں جانے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ حماس اور اسلامک جہاد کی جانب سے 130 اسرائیلیوں کے حراست میں ہونے کی تصدیق کی گئی ہے اور اسرائیل کے 8 شہروں میں اب بھی اسرائیلی فوجیوں اور حماس کے درمیان لڑائی جاری ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 413 ہو گئی ہے جبکہ 2300 افراد زخمی ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل کے بااثر اخبار ہاریٹز نے اپنے اداریے میں وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کو حملوں کا واحد ذمہ دار شخص قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ نیتن یاہو اپنے آپ کو سکیورٹی سمیت تمام امور میں عقل کل سمجھتے رہے۔
ہاریٹز کے ایڈیٹوریل میں لکھا گیا ہے کہ حماس کے حملے میں بن یامین نتین یاہو مکمل ناکام ہوئے ہیں، نیتن یاہو کی فارن پالیسی نے فلسطینیوں کے وجود اور حقوق سے منہ موڑے رکھا۔