09 اکتوبر ، 2023
فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کا کہنا ہےکہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کے نتیجے میں 4 اسرائیلی مغوی بھی مارے گئے۔
ہفتےکو حماس نے اسرائیلی علاقوں سے 130 اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں کو بھی یرغمال بنا کر غزہ منتقل کردیا تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اسرائیلی مغویوں کو محفوظ رکھا ہوا ہے تاکہ ان کے بدلے میں اسرائیل کی قید میں موجود فلسطینی قیدیوں کو رہا کرایا جاسکے۔
حماس کی جانب سے ہفتے کو اسرائیل پر حملوں کے جواب میں اسرائیل کے غزہ پر حملے جاری ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 560 سے زائد فلسطینی شہید اور 3000 کے قریب زخمی ہوچکے ہیں۔
حماس کا کہنا ہےکہ غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 4 اسرائیلی مغوی بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل غزہ میں فضائی حملوں کے بعد زمینی کارروائی کی تیاری بھی کر رہا ہے۔
اقوام متحدہ کاکہنا ہےکہ غزہ میں حالیہ اسرائیلی حملوں میں 159 عمارتیں مکمل تباہ ہوچکی ہیں اور ایک لاکھ 23 ہزار فلسطینی بےگھر ہوچکے ہیں۔