Time 11 اکتوبر ، 2023
پاکستان

سندھ کے کونسے اضلاع میں کتنی بجلی چوری ہوتی ہے؟ پاور ڈویژن کے اعداد و شمار جاری

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سندھ کے کونسے ضلعے میں کتنی بجلی چوری ہوتی ہے، سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے سوشل میڈیا پر مختلف اضلاع کی تفصیلات جاری کر دیں۔

کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر اضلاع کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے سیکرٹری پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ مختلف اضلاع میں 30 سے 50 فیصد سے زائد بجلی چوری ہو رہی ہے تاہم تھر پار کر اور جامشورو میں بجلی نقصانات صرف 11 سے 15 فیصد تک ہیں۔

سیکرٹری پاور کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق سندھ کے 8 اضلاع میں بجلی چوری 50 فیصد، 15 اضلاع میں 40 فیصد اور 19 اضلاع میں بجلی چوری 30 فیصد سے زائد ہے۔

سیکرٹری پاور ڈویژن کی جانب سے دیے گئے اعداد و شمار کے مطابق بجلی چوری کے نقصانات میں 59 فیصد کے ساتھ جیکب آباد سرفہرست ہے، سجاول 58 فیصد سے دوسرے اور لاڑکانہ 57 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

 سندھ کے دیگر اضلاع میں بجلی چوری کے نقصانات کشمور میں 56 فیصد، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، دادو اور نوشہروفیروز  میں 52 فیصد ہیں۔

مٹیاری میں بجلی چوری کے نقصانات 49 فیصد، خیرپور میں 48 فیصد، شہید بے نظیر آباد اور میرپورخاص میں 43 فیصد ہیں۔

گھوٹکی اور ٹھٹہ میں بجلی چوری کے نقصانات 41 فیصد جبکہ سانگھڑ میں 32 اور بدین میں 31 فیصد ہیں۔

سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال کی جانب سے جاری اعداد شمار کے مطابق سکھر میں بجلی چوری کے نقصانات 30 فیصد جبکہ عمرکوٹ میں بجلی چوری کے  نقصانات 27 فیصد ہیں۔

مزید خبریں :