Time 11 اکتوبر ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

پاس ورڈ کا استعمال ماضی کا قصہ بننے کے قریب

گوگل نے اس کا اعلان کیا / فائل فوٹو
گوگل نے اس کا اعلان کیا / فائل فوٹو

دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے پاس ورڈ کو ختم کرنے کے لیے کافی عرصے سے کوششیں کی جارہی ہیں۔

مگر اس معاملے میں گوگل نے سب کمپنیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور پاس ورڈ کو ماضی کا قصہ بنانے والی ٹیکنالوجی پاس کیز کو اپنے نیٹ ورک کے تمام اکاؤنٹس کے لیے سائن ان ہونے کا ڈیفالٹ طریقہ کار قرار دے دیا ہے۔

خیال رہے کہ اس ٹیکنالوجی کو ستمبر 2022 میں ایپل نے متعارف کرایا تھا۔

پاس کیز کو سب سے پہلے ایپل کے آئی او ایس 16، میک او ایس وینچرا اور آئی پیڈ او ایس 16 کا حصہ بنایا گیا تھا۔

بعد ازاں اکتوبر 2022 میں گوگل نے اینڈرائیڈ فونز اور کروم ویب براؤزر میں پاس کیز سپورٹ کا اضافہ کیا تھا۔

پاس کیز بنیادی طور پر ڈیجیٹل کیز ہیں جن کا استعمال آسان ہوگا جبکہ یہ زیادہ محفوظ ہوتی ہیں کیونکہ یہ کسی ویب سرور پر اسٹور نہیں ہوتیں۔

طویل پاس ورڈ کی بجائے یہ ٹیکنالوجی 4 ہندسوں پر مشتمل پن کوڈ یا بائیو میٹرک تفصیلات کو لاگ ان ہونے کے لیے استعمال کرتی ہے۔

چونکہ اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہیکرز کے لیے لوگوں کے اکاؤنٹس تک رسائی ناممکن ہو جائے گی، اسی لیے گوگل کی جانب سے سائن ان ہونے کا ڈیفالٹ طریقہ کار بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

گوگل کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا کہ صارفین کو پروموٹ یا نوٹیفکیشن بھیج کر نئی تبدیلی سے آگاہ کیا جائے گا اور انہیں کہا جائے گا کہ وہ اپنے لیے ایک پاس کی (key) بنالیں۔

پاس کی بنانا بہت آسان ہے

پاس کیز کو تیار کرنا بہت آسان ہے / فوٹو بشکریہ گوگل
پاس کیز کو تیار کرنا بہت آسان ہے / فوٹو بشکریہ گوگل

پاس کی بنانا بہت آسان ہے، اس کے لیے آپ کو گوگل کی آفیشل پاس کیز ویب سائٹ پر جاکر پن یا اس بائیو میٹرک ڈیٹا کو تیار کرنا ہوگا جو آپ کے اکاؤنٹ سے منسلک ہوگا۔

پاس کیز بنیادی طور پر آپ کے اسمارٹ فون ان لاک کرنے کے طریقے جیسے فنگرپرنٹ، پن کوڈ یا فیس ان لاک وغیرہ پر مشتمل ہوتی ہے۔

جب پاس کی تیار ہو جائے گی، تو وہ ان تمام ڈیوائسز پر کام کرے گی جن میں گوگل کے پاس ورڈ منیجر کو استعمال کیا جا رہا ہوگا۔

اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ فون گم ہونے پر بھی آپ کو تمام اکاؤنٹس تک رسائی حاصل ہوگی۔

مگر کمپیوٹر پر اس کے لیے ضروری ہوگا کہ آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 10 یا اس کے بعد کا ہو، جبکہ اسمارٹ فون میں اینڈرائیڈ 9 یا اس کے بعد کے آپریٹنگ سسٹم کا ہونا ضروری ہوگا۔

گوگل کے مطابق ابھی پاس ورڈ کا استعمال مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا رہا اور صارف چاہے تو سائن ان آپشنز پیج پر جاکر Skip Password When Possible کے آپشن کو ٹرن آف کر سکتا ہے۔

مزید خبریں :