Time 11 اکتوبر ، 2023
دنیا

اسرائیل غزہ میں فاسفورس بم استعمال کرنے لگا، فلسطینی حکومت نے ثبوت پیش کردیے

فلسطین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کے علاقوں پر ممنوعہ فاسفورس بم استعمال کیے جا رہے ہیں۔

حماس کے حملوں کے بعد غزہ پر اسرائیلی بمباری تیز ہوگئی ہے اور ہزاروں ٹن بارود محصور غزہ پر گرایا گیا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے بجلی، پانی اور ایندھن بھی بند کردیا گیا ہے جس کے بعد سے غزہ میں انسانی بحران سر اٹھا رہا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے جبکہ شہدا میں بڑی تعداد میں بچے بھی شامل ہیں۔

اسرائیل نے رہائشی عمارتوں، مساجد، دکانوں، فیکٹریوں اور ایمبولینسوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

دوسری جانب فلسطین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ کے علاقوں پر ممنوعہ فاسفورس بم استعمال کر رہا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ویڈیو جاری کی اور بیان میں کہا کہ قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے شمالی غزہ کے علاقے الکرامہ میں بین الاقوامی سطح پر ممنوعہ فاسفورس بم استعمال کیے گئے۔

ممنوعہ وائٹ فاسفورس سے زمین پر وسیع علاقے میں آگ بھڑک اٹھتی ہے، انسانی جسم کے پٹھوں اور ہڈیوں تک کو جلادیتا ہے۔

مزید خبریں :