11 اکتوبر ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا گزشتہ روز آئی سی سی ورلڈکپ میں سری لنکا کے خلاف شاندار جیت فلسطینیوں کے نام کرنا بھارتیوں کو پسند نہ آیا۔
حیدر آباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں گزشتہ روز کھیلے گئے ورلڈکپ کے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 345 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 10 گیندوں قبل پورا کیا۔
پاکستان کی جانب سے عبد اللہ شفیق اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے شاندار سنچریاں اسکور کیں اور محمد رضوان کو 131 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سری لنکا کے خلاف میچ کے بعد محمد رضوان نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا ۔
محمد رضوان نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا 'یہ جیت غزہ میں موجود ہمارے بہن بھائیوں کے لیے ہے'، ساتھ میں انہوں نے دعا والا ایموجی بھی بنایا۔
اس کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹر نے لکھا کہ' جیت میں اپنا حصہ ملانے پر خوشی ہے لیکن جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے، خاص طور پر عبد اللہ شفیق اور حسن علی جنہوں نے قومی ٹیم کی جیت کو آسان بنایا'۔
تاہم رضوان کا جیت غزہ کے بہن بھائیوں کےنام کرنا بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا کو بالکل نہ بھایا اور انہوں نے آئی سی سی سے سوال کردیا۔
وکرانت گپتا نے سوشل میڈیا پر رضوان کے بیان کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'کیا کرکٹرز کو آئی سی سی ایونٹس کے دوران سیاسی اور مذہبی بیانات دینے پر پابندی نہیں؟، مجھے یاد ہے کہ 2019 کے ورلڈکپ کے دوران مہندرا سنگھ دھونی کو اپنے دستانے سے آرمی کا نشان ہٹانے کو کہا گیا تھا'۔
انہوں نے آئی سی سی سے سوال کیا کہ کیا رضوان کے اس عمل کی اجازت ہے؟
خیال رہے کہ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ کئی دنوں سے غزہ کا مکمل محاصرہ کر رکھا ہے اور مسلسل بمباری کا سلسلہ بھی جاری ہے جس میں اب تک 900 سے زائد افراد شہید اور 5000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔