11 اکتوبر ، 2023
مصر کی معروف اسلامی درسگاہ الازہر نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت پر سخت ردعمل دیا ہے۔
جامعۃ الازہر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کا قتل اورتخریب کاری صہیونیوں اور ان کے حامیوں کے چہرے پر نا مٹنے والا سیاہ دھبہ ہے۔
جامعۃ الازہر کے مطابق مغربی میڈیا کی متعصبانہ کوریج نے ان کی آزادی اظہار اور تحفظ انسانی حقوق کے دعوے بے نقاب کردیے۔
جامعۃ الازہر کا کہنا ہے کہ تاریخ فلسطینیوں کی حمایت میں تاخیر اور چشم پوشی کرنے والوں پر ہرگز رحم نہیں کرے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ فلسطینی عوام کا جذبہ حب الوطنی اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، اسلامی ممالک کی حکومتیں صہیونی ریاست کیلےمتحد مغرب کےخلاف اپنی صفیں مضبوط کریں۔
خیال رہے کہ حماس کے حملوں کے بعد غزہ پر اسرائیلی بمباری تیز ہوگئی اور ہزاروں ٹن بارود محصور غزہ پر گرایا گیا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے بجلی، پانی اور ایندھن بھی بند کردیا گیا ہے جس کے بعد سے غزہ میں انسانی بحران سر اٹھا رہا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے جبکہ شہدا میں بڑی تعداد میں بچے بھی شامل ہیں۔
اسرائیل نے رہائشی عمارتوں، مساجد، دکانوں، فیکٹریوں اور ایمبولینسوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔