Time 12 اکتوبر ، 2023
انٹرٹینمنٹ

ماضی میں ایک گھر تھا، خاندان کے 24 لوگ ایک ہی کمرے میں سوتے تھے: اکشے کمار

خدا کی قسم اس وقت کوئی بھی دن ایسا نہیں گزرتا تھا جب ہم ہنستے یا مسکراتے نہ تھے، اب ہمارے پاس پیسہ ہے لیکن پھر بھی کبھی کبھی اداس ہوجاتے ہیں: اکشے__فوٹو: فائل
خدا کی قسم اس وقت کوئی بھی دن ایسا نہیں گزرتا تھا جب ہم ہنستے یا مسکراتے نہ تھے، اب ہمارے پاس پیسہ ہے لیکن پھر بھی کبھی کبھی اداس ہوجاتے ہیں: اکشے__فوٹو: فائل

اکشے کمار کا شمار اس وقت بھارت کے کامیاب ترین اداکاروں میں ہوتا ہے جو ناصرف ہٹ فلمیں دیتے ہیں بلکہ ایک امیر شخصیت بھی ہیں۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بالی وڈ کے کھلاڑی نے فلموں میں آنے سے قبل اپنی زندگی اور بچپن سے متعلق بات کی، انہوں نے بتایا کہ وہ شروع سے ہی امیر خاندان سے تعلق نہیں رکھتے تھے بلکہ انہوں نے زندگی میں مشکل حالات بھی دیکھے۔

اداکار نے بتایا کہ بچپن یا نوجوانی میں پیسے کم ہوا کرتے تھے، لیکن اس کے باوجود انہوں نے ایک خوشحال دور گزارا، فلموں میں آنے سے قبل اداکار نے لمبا عرصہ دہلی میں گزارا، بعدازاں وہ ممبئی شفٹ ہوئے۔

اکشے نے بتایا 'چاندنی چوک میں ایک چھوٹے گھر میں ہم 24 لوگ رہتے تھے، سب ایک ہی کمرے میں سوتے تھے، صبح جب ورزش کے لیے اٹھتے تو سب باہر نکلنے کے لیے ایک دوسرے کے اوپر سے کود کر گزرتے تھے'۔

اداکار کے مطابق ممبئی منتقل ہونے کے بعد بھی انہوں نے ایک چھوٹا سا گھر کرائے پر لیا جس کا وہ 100 روپے کرایہ دیتے تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا 'خدا کی قسم اس وقت کوئی بھی دن ایسا نہیں گزرتا تھا جب ہم ہنستے یا مسکراتے نہ تھے،  اب ہمارے پاس پیسہ ہے لیکن پھر بھی کبھی کبھی اداس ہوجاتے ہیں،  لیکن اُس وقت دکھ کی کوئی بات نہیں تھی، ہم دال چاول، زیرہ آلو، بھنڈی سب کھا کر خوش ہوجایا کرتے تھے'۔

اکشے نے یہ بھی شیئر کیا کہ ان کے خاندان میں ہر ہفتہ کو فلم دیکھنے جانے کی رسم تھی اور وہ اس دن صبح کا کھانا چھوڑ دیتے تھے تاکہ وہ فلم کے ٹکٹ کے پیسے بچا سکیں۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ساتویں جماعت میں وہ فیل ہوگئے تھے جس کی وجہ سے انہیں پورا سال دوبارہ پڑھنا پڑا، اداکار نے کہا فیل ہونے کے بعد والد مجھے مارنے آئے اور انہوں نے پوچھا آخر تو بننا کیا چاہتا ہے؟ جس پر میں نے جواب میں کہا 'اداکار'۔

مزید خبریں :