23 فروری ، 2023
بالی وڈ کے سپر اسٹار اکشے کمار نے ایک منفرد گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔
اکشے کمار ان دنوں اپنی آنے والی فلم 'سیلفی 'کے پروموشن میں مصروف ہیں اسی دوران انہوں نے 3 منٹ میں سب سے زیادہ سیلفیاں لینے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
ممبئی میں فلم سیلفی کی پروموشن کے دوران اکشے کمار نے اپنے مداحوں سے ملتے ہوئے 3 منٹ میں 184 سیلفیاں لیں جوکہ اب تین منٹ میں سب سے زیادہ سیلفیاں لینے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بن گیا ہے۔
اس سے قبل 3 منٹ میں سب سے زیادہ سیلفیاں لینے کا ریکارڈ امریکی اداکار جیمز اسمتھ کے پاس تھا جنہوں نے 2018 میں 3 منٹ کے دورانیے میں 168 سیلفیاں لی تھیں۔
منفرد کارنامہ سر انجام دینے کے بعد اکشے کمار کا کہنا تھا کہ میں اس ورلڈ ریکارڈ کو توڑنے اور اپنے مداحوں کے ساتھ اس لمحے کو بانٹنے پر پر بہت خوش ہوں۔
انہوں نے کہا میں نے اب تک زندگی میں جو کچھ حاصل کیا ہے وہ میرے مداحوں کی غیر مشروط محبت اور حمایت کی وجہ سے ہے۔
واضح رہے کہ فلم سیلفی 24 فروری کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی، فلم میں اکشے کمار کے ساتھ عمران ہاشمی بھی اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔