فیکٹ چیک: لاہور ہائیکورٹ کا گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کو 5ہزار روپے جرمانہ کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے لاہورشہر میں گاڑی دھونے کے لیے پائپ استعمال کرنے پر 3 ہزار نہیں بلکہ 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔

 لاہور ہائیکورٹ نے لاہورشہر میں گاڑی دھونے کے لیے پائپ استعمال کرنے پر 3 ہزار نہیں بلکہ 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔

پاکستانی سوشل میڈیا صارفین اور نیوز چینلز نے بار بار یہ دعویٰ کیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ (LHC) نے گھر پر گاڑیاں دھونے والوں پر 3ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

یہ دعویٰ گمراہ کن ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ کار مالکان پانی ضائع کرنے کی ادائیگی کریں، واجب الادا جرمانہ 3 ہزار روپے نہیں بلکہ5 ہزار روپے ہے۔

دعویٰ

5 اکتوبر کو ایک تصدیق شدہ فیس بک صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ”لاہور ہائیکورٹ کا گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کو 3 ہزار روپے جرمانہ کرنے کا حکم۔“

صارف نے مزید لکھا کہ” جرمانہ واسا کے خزانے میں جائے گا۔“

اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو 700 مرتبہ لائک اور 36 بار شیئر کیا گیا۔

اس سے ملتے جلتے دعوے X ، جسے پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا ، پر بھی یہاں اور یہاں شیئر کئے گئے۔

حقیقت

جیو فیکٹ چیک کو موصول ہونے والے لاہور ہائیکورٹ کے جاری کردہ فیصلے کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گاڑیوں کو دھونے کے لیے پائپ کا استعمال کرنے پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔

ماحولیات سے متعلق درخواست کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس شاہد کریم نے 5 اکتوبر کو فیصلہ سنایا کہ پانی کی بچت کا معاملہ پنجاب حکومت کی توجہ کا متقاضی ہے۔

حکومت کے زیر انتظام پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی اور جوڈیشل واٹر کمیشن کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعدجج نے ہدایت کی کہ” لاہور بھر میں گاڑیوں کو دھونے کے لئےپائپ کا پانی استعمال کرنے والوں پر 5ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے۔“

حکم نامے میں حکام کو مزید ہدایت کی گئی کہ وہ عدالتی فیصلے کو پنجاب کی تمام ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو بھیجیں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ڈولفن پولیس کی خدمات استعمال کریں تاکہ کسی قسم کی کوئی خلاف ورزی نہ ہو۔

اضافی رپورٹنگ: محمد بنیامین اقبال

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔